_ہماراآئین ہندو راشٹر کی راہ میں مزاحمت،اس کا تحفظ ہر شہری کا فرض:مولانا عبیداللہ خاں اعظمی
جیل بھرو آندولن ہی واحد راستہ :ولانا توقیر رضا خان
بھارت کی آتما سیکولر ہے:سدھیندر کلکرنی
بی جے پی نے محنت کی اس کا پھل ملا، ہم حقہ گڑگڑاتے رہے:مولانا ظہیر عباس رضوی
آئین کی بقا کے لیے ہر قربانی دیں گے:محمد شفیع
نئی دہلی:(نامہ نگار )
ہمارا آئین ہندو راشٹر کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اس لیے بابا امبیڈکر کے عطا کردہ آئین کا تحفظ ہم سب کا فرض ہے۔مولانا عبیداللہ خاں اعظمی نے کانسٹی ٹیوشن کلب میںمنعقد ’سمودھان سرکچھا آندولن‘ کے تحت’’ہیٹ پروپیگنڈا اینڈ جینوسائڈکالس‘‘ موضوع پر نیشنل کنونشن کے دوران صدارتی تقریر کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ لال قلعہ اور تاج محل ہی ہماراآدھار کارڈ ہے ۔ہم داعی ہیں اس لیے جو ناراض اور دشمن ہیں ان سے بھی پیار کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تن من دھن سے ’آئین بچاؤ تحریک‘ کو زمین پر اتارا جائے ،انہوں نے کہا کہ تحریک کو ہر صوبہ میں قائم کیا جاے گا ۔
اتحاد ملت کونسل کے بانی صدر مولانا توقیر رضا نے کہا کہ میٹنگیں ہورہی ہیں، نتیجہ کیا ہے یہ سمجھ میں نہیں آتا۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے ملک بھر میں جیل بھرو آندولن شروع کردیا جائے ۔باتیں کرنے کا وقت نکل گیا،انہوں نے اس موقع پر ایس ڈی پی آئی کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ اس سے توقعات وابستہ کی جاسکتی ہیں ۔
آنجہانی وزیراعظم واجپئی کے صلاحکار رہے سدھیندرکلکرنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسجدوں پر دعویداری اور نعرے بازی جان بوجھ کر کی جارہی ہے ۔انہوںنے کہا کہ بھارت کی آتما سیکولر ہے یہ نہ کبھی ہندوراشٹر تھا، نہ ہے، نہ رہے گا ۔ہمارا راستہ سچائی اور اہنسا کا ہے۔ بھارت کا پہلا ہندو ٹیررسٹ گوڈسے تھا۔میں بی جے پی میں 16سال رہا ہوں میں جانتا ہوں کہ متشدد لوگوں کی تعداد بہت کم ہے ان گمراہ لوگوں کو واپس لانا ہے۔ کلکرنی نے کہا کہ اگر بھارت تقسیم نہ ہوتا تو مسلمانوں کی تعداد 40
فیصد ہوتی۔ اکھنڈ بھارت کبھی نہیں بنے گامگر تینوں پڑوسیوں کو ملنا ہوگا۔
مولانا سید ظہیر عباس رضوی نائب صدر مسلم پرسنل لاء بورڈ نے کہا کہ یہ لڑائی تخت وسلطنت کی ہے اس میں رشتہ داری و تعلق نہیں دیکھا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ آج بی جے پی جہاں ہے اس نے 1925سے محنت کی ہے گھر گھر گئی ہے اور ہم سوتے رہے، حقہ پیتے رہے ، مرغے لڑاتے رہے ۔ اب بھی ہمیں جاگنے کی ضرورت ہے یہ پالیٹکس نہیں پالی ٹرکس ہے ۔چلتی پھرتی لاش نہ بنیں حرکت میں آئیں ۔
اس پروگرام کی ابتدا میںایس ڈی پی آئی کے نائب صدر محمد شفیع نے ‘سمودھان سرکچھا آندولن ‘کے اغراض ومقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی، جبکہ بھانو پرتاپ سنگھ ،بہار کے سابق وزیر اخلاص امدوغیرہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔محمدشفیع کے اظہار تشکر پر اجلاس کا اختتام ہوا۔









