لکھنؤ :(ایجنسی)
بی جے پی ترجمان نوپور شرما کے پیغمبر اسلام پر کئے گئے متنازع ریمارکس معاملے میں مایاوتی نے بی جے پی کو مشورہ دیا ہے۔ اتر پردیش کی سابق وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ اس معاملے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو اپنے لوگوں کے خلاف سختی سے شکنجہ کسنا چاہیے، جو اس طرح کے بیانات دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کو صرف پارٹی سے معطل اور نکالنے سے کام نہیں چلے گا بلکہ انہیں سخت قوانین کے تحت جیل بھیجا جائے۔
مایاوتی نے یہ بھی کہا کہ یہ بی ایس پی کا مطالبہ ہے کہ کانپور میں حالیہ تشدد کی تہہ تک جانا بہت ضروری ہے۔ نیز اس تشدد کے خلاف پولیس کارروائی میں بے قصور لوگوں کو ہراساں نہیں کیا جانا چاہئے۔
یوپی کی سابق وزیر اعلیٰ مایاوتی نے کہا کہ ملک میں تمام مذاہب کے لوگ رہتے ہیں، اس لیے تمام مذاہب کا احترام کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مذہب کے لیے قابل اعتراض زبان کا استعمال مناسب نہیں ہے۔









