نئی دہلی :(ایجنسی)
بی جے پی کی سابق ترجمان نوپور شرما کے پیغمبر اسلام کے بارے میں متنازع ریمارکس پر کئی عرب ممالک کے اعتراضات کے بعد اب مالدیپ، اردن اور انڈونیشیا نے بھی اعتراض کیا ہے۔
مالدیپ نے کہا، ’مالدیپ کی حکومت غیر مشروط طور پر کسی بھی ایسے اقدام کی مذمت کرتی ہے جو اسلام کی اصل فطرت اور تعلیم کو مسخ کرنے اور پیغمبر اسلام محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے کی کوشش کرتی ہے۔‘
’’اس سلسلے میں، مالدیپ کی حکومت ہندوستان میں بی جے پی کے کچھ عہدیداروں کی طرف سے پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں کیے گئے توہین آمیز ریمارکس پر گہری تشویش کا شکار ہے۔‘‘
انہوں نے کہا، ’حکومت مالدیپ متعلقہ عہدیداروں کے ذریعہ کئے گئے تضحیک آمیز ریمارکس اور بی جے پی کی طرف سے ان عہدیداروں کے خلاف فوری کارروائی کی حکومت ہند کی مذمت کا خیرمقدم کرتی ہے۔‘‘
اردن کی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ پیغمبر اسلام کے خلاف دیے گئے بیان کی شدید مذمت کرتی ہے۔
انڈونیشیا کی وزارت خارجہ نے اس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دو ہندوستانی لیڈروں کی طرف سے پیغمبر اسلام کے خلاف کیے گئے توہین آمیز ریمارکس کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ اس معاملے پر جکارتہ میں موجود ہندوستانی سفیر کو بھی بلا کر اعتراض درج کرایا گیا ہے۔









