کانپور :(ایجنسی)
کانپور میں فرقہ وارانہ تشدد کے معاملے میں شہر کے قاضی کا بڑا بیان سامنے آیا ہے۔ قاضی عبدالقدوس نے کہا ہے کہ کسی کے گھر پر بلڈوزر چلے گا تو مسلم کمیونٹی کے لوگ سروں پر کفن باندھ کر سڑکوں پر نکل آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم قانون نہیں توڑیں گے لیکن اگر ظلم ہوا اور ہمارے گھر گرائے گئے تو ہم مرنے کو تیار ہیں۔
شہر قاضی نے TV9 Bharatvarsh سے بات چیت میں کہا کہ انہوں نے کانپور پولیس کمشنر سے درخواست کی ہے کہ بچوں سے نادانی ہوئی ہے اور دونوں طرف کے بچوں کو معاف کیا جائے۔
کانپور میں 3 جون کو پریڈ بازار بند کرانے پر دو برادریوں کے لوگ آمنے سامنے آگئے اور اس دوران فرقہ وارانہ تشدد اور پتھراؤ کا واقعہ پیش آیا۔ کانپور تشدد میں اب تک 50 لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
کانپور میں یہ تشدد ایک ایسے دن ہوا جب صدر رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سمیت ان کی حکومت کے تمام اعلیٰ وزراء، سینئر پولیس افسران شہر میں موجود تھے۔









