نئی دہلی: (پریس ریلیز)
جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے اپنے پریس نوٹ میں کہا ہے کہ صدر بورڈ مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی، نائبین صدر بورڈ مولانا سید جلال الدین عمری ، مولاناکا کاسعید احمد عمری ، مولانا سید شاہ فخر الدین اشرف ، مولانا سید ارشدمدنی ، ڈاکٹر سید علی محمد نقوی نے اپنے مشترکہ بیان میں علماء اور دانشوروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان ٹی وی چینلوں کے مباحثوں اور ڈبیٹس میں شرکت نہ کریں جس کا مقصد محض اسلام اور مسلمانوں کی تضحیک اور استہزا ہے۔ ان پروگراموں میں شرکت کرکے وہ اسلام اور مسلمانوں کی کوئی خدمت تو نہیں کرپاتے بلکہ بالواسطہ اپنی رسوائی اور اسلام و مسلمانوں کے استہزا کا سبب بن جاتے ہیں۔
ان پروگراموں کا مقصد بھی کسی تعمیری بحث کے ذریعہ کسی نتیجے تک پہنچنا نہیں ہوتا بلکہ محض اسلام اور مسلمانوں کا مذاق اڑانا اور بدنام کرنا ہوتا ہے۔ یہ چینلس اپنی غیر جانبداری ثابت کرنے کے لئے کسی مسلم چہرہ کو بھی اس بحث کا حصہ بنانا چاہتے ہیں۔ ہمارے علماء اور دانشور نادانستگی میں اس سازش کا شکار ہوجاتے ہیں۔ اگر ہم نے ان پروگراموں اور چینلس کا بائیکاٹ کیا تو نہ صرف اس سے ان کی TRP گھٹے گی بلکہ وہ اپنے مقصد میں بھی بری طرح ناکام ہو جائیں گے۔









