نی دہلی ا(یجنسی )سپریم کورٹ نے منگل کو بی جے پی کی معطل لیڈر نوپور شرما کی گرفتاری پر روک لگا دی۔ جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جے بی پاردی والا کی بنچ نے ہدایت دی کہ نوپور شرما کے خلاف درج ایف آئی آر اور شکایات کے سلسلے میں کوئی کارروائی نہ کی جائے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 10 اگست کو ہوگی۔سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت اور ان ریاستوں کو بھی نوٹس جاری کیا جہاں نوپور شرما کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ دھمکیاں ملنے کے بعد نوپور شرما کی سیکورٹی کے سلسلے میں یہ نوٹس جاری کیا گیا ہے تاکہ وہ راحت کے لیے ان ریاستوں کی ہائی کورٹ جا سکیں۔ اشتہار نوپور کے وکیل منیندر سنگھ نے سپریم کورٹ سے درخواست کی تھی کہ ان کی گرفتاری پر روک لگائی جائے اور ان کے خلاف مختلف ریاستوں میں درج نو مقدمات کو یکجا کیا جائے۔ بی جے پی کے معطل رہنما کے خلاف مغربی بنگال، مہاراشٹرا میں ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ نوپور نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ سپریم کورٹ کے سخت تبصروں کے بعد انہیں پھر سے دھمکیاں مل رہی ہیں۔ بتادیں کہ یکم جولائی کو ہوئی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے نوپور شرما پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا بیان بہت برا ہے اور انہیں اس کے لیے پورے ملک سے معافی مانگنی چاہیے۔









