بھوپال ایجنسی سی بی ایس ای مغلیہ عہد کی تاریخ کو ہٹانے کے فیصلہ کے بعد مدھیہ پردیش کے اسکولوں و کالجوں کے نصاب سے مغل تاریخ کو ہٹانے کے حکومت کے موقف پر مدھیہ پردیش میں سیاسی گھمسان چھڑ گیا ہے۔مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا نے مغل تاریخ کو سی بی ایس ای کے نصاب سے ہٹانے کے فیصلہ کا جہاں خیر مقدم کیا ہے۔ وہیں انہوں نے مدھیہ پردیش کے اسکول و کالج کے نصاب سے بھی مغل تاریخ کو ہٹانے کے حکومت کے موقف کو مضبوطی سے پیش کیا ہے ۔ وہیں مدھیہ پردیش کی مسلم تنظیموں نے حکومت کے فیصلہ کے ہندستانی آئین کی خلاف ورزی سے تعبیر کرتے ہوئے ملک کی سیکولر جمہوری روایت کے خلاف بھی تعبیر کیا ہے ۔
مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا کہتے ہیں کہ حملہ آور کبھی ہمارے آدرش ہو نہیں سکتے تو اس لئے اگر نصاب سے حملہ آوروں کے نام ہٹائے گئے ہیں تو یہ قابل تعریف قدم ہے ۔مدھیہ پردیش کی حکومت بھی اپنے یہاں کے نصاب کا جائزہ لے گی کہ ہمارے یہاں بھی تو کوئی حملہ آور نصاب کا حصہ تو نہیں ہے ۔









