نئی دہلی: مرکزی وزیر قانون کرن رجیجو نے ہفتے کے روز کہا کہ ‘تین یا چار’ ریٹائرڈ جج ‘ہندوستان مخالف’گروہ کا حصہ ہیں۔ یہ بھی کہا کہ جس نے بھی ملک کے خلاف کام کیا اسے اس کی قیمت چکانی پڑے گی۔انڈیا ٹوڈے کنکلیو میں خطاب کرتے ہوئے رجیجو نے کہا کہ کچھ ریٹائرڈ ‘ایکٹوسٹ’ جج ہیں جواس بات کی کوشش کررہے ہیں کہ ہندوستانی عدلیہ اپوزیشن کا کردار ادا کرے۔ ، ‘کچھ لوگ عدالت بھی جاتے ہیں’ اور کہتے ہیں، ‘براہ کرم حکومت پر لگام لگائیں، حکومت کی پالیسیوں کو بدلیں۔’ انہوں نے راہل گاندھی پر اپنی حکومت کے جاری حملے کے بارے میں بھی بات کی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ کانگریس لیڈر نے گزشتہ دنوں برطانیہ میں بیان دیا تھا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت ہندوستان میں جمہوریت کو کمزور کر رہی ہے۔ اس بیان کے بعد ایک تنازعہ کھڑا ہو گیا تھا۔ وزیر قانون نے دعویٰ کیا کہ گاندھی نے ‘وہی زبان’ استعمال کی تھی جو کچھ ‘ہندوستان مخالف گینگ’ استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ زبان ان دعوؤں کی تکرار ہے کہ ہندوستان میں ‘جمہوریت خطرے میں ہے’ اور ‘ہندوستان میں انسانی حقوق موجود نہیں ہیں’۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہندوستان کے اندر اور باہر سے اس طرح کے منظم حملوں کے لیے غیر ملکی فنڈنگ کے بارے میں اندرونی اطلاعات ہیں۔








