پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے امرت پال سنگھ کو اب تک گرفتار نہ کرنے پر ریاستی حکومت کی منگل کو کھنچائی کی۔ عدالت نے امرت پال سنگھ کے ‘فرار’ کے معاملے میں ‘انٹیلی جنس کی ناکامی’ پر سوالات اٹھائے۔ عدالت نے کہا کہ ‘آپ کے پاس 80 ہزار پولیس اہلکار ہیں، اسےگرفتار کیسے نہیں کیا گیا؟’ جب حکومت نے عدالت کو بتایا کہ امرت پال کے علاوہ سب کو گرفتار کر لیا گیا ہے، عدالت نے پوچھا کہ امرت پال سنگھ کے علاوہ سب کو کیسے گرفتار کیا گیا؟
پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ میں منگل کو ‘وارس پنجاب دے’ کے سربراہ امرت پال سنگھ کے قانونی مشیر کی طرف سے دائر کی گئی ہیبیس کارپس کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ امرت پال سنگھ کو پروڈکشن کی ہدایت دی جائے۔
عدالت کے یہ ریمارکس ایسے وقت آئے جب پنجاب پولیس کی جانب سے ‘وارس پنجاب دے’ کے سربراہ امرت پال سنگھ کا سراغ لگانے اور اسے گرفتار کرنے کے لیے شروع کی گئی بڑی کارروائی منگل کو چوتھے دن میں داخل ہوئی۔








