لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے کانگریس سے کہا ہے کہ اگر وہ 2024 کے عام انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو بے دخل کرنا چاہتی ہے تو علاقائی پارٹیوں کی حمایت کرے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ تمام علاقائی سیاسی جماعتوں کو بی جے پی مخالف ایک ساتھ آنا چاہئے۔ اکھلیش نے کہا کہ کئی علاقائی پارٹیاں اپنی اپنی ریاستوں میں بی جے پی کو سخت ٹکر دے رہی ہیں۔ ان تمام علاقائی رہنماؤں کو اکٹھا ہونا چاہیے اور کانگریس پارٹی کو قومی سطح پر اپنا کردار طے کرنا چاہیے اور کانگریس کو علاقائی پارٹیوں کی حمایت کرنی چاہیے۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کانگریس علاقائی پارٹیوں کو آگے کرے اور بی جے پی کو شکست دینے میں ان کا ساتھ دے۔ اکھلیش یادو کا بیان اس وقت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی کو جمعہ کے روز لوک سبھا سے نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔ اکھلیش نے کہا کہ یوپی میں سماج وادی پارٹی ہر سطح پر بی جے پی کے خلاف لڑ رہی ہے اور جدوجہد کر رہی ہے۔ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں ایس پی یوپی میں بی جے پی کو شکست دے گی۔دریں اثناایس پی لیڈر کے ریمارکس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، یوپی کانگریس کے ترجمان اشوک سنگھ نے کہا کہ "کانگریس پورے ملک میں بی جے پی سے مسلسل لڑ رہی ہے۔ اکھلیش یادو صرف یوپی میں لڑ رہے ہیں۔ اکھلیش کو بھی بڑا دل دکھانا چاہئے اور کانگریس کا ساتھ دینا چاہئے۔ بی جے پی، صرف کانگریس کی ذمہ داری نہیں ہے۔








