نئی دہلی:جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے مرشد ملت حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ و ناظم دارالعلوم ندوۃ العلماء کے انتقال ِپر ملال پر گہرے رنج و الم کا اظہار کیا ہے ۔ مولانا مدنی نے کہا کہ آپ کی ذات فکر و نظر ، علم و عمل ، دیانت ، تفقہ ، تدبیر وتدبر ، ایثار ، خلو ص و للہیت کی مجموعہ تھی۔ آپ ایک بہترین استاذ، مخلص داعی اور ژرف نگاہ مفکر تھے جن سے علمی ، دینی ، ادبی و سیاسی دنیا میں رہ نمائی حاصل کی جاتی
مولانا مرحوم کی ملک و ملت کے لیے عظیم گراں قدر خدمات کا تذکرہ کرتے ہوے مولانا مدنی نے اپنے بیان میں کہا کہ آپ کی ذات اس دور قحط الرجال میں ہم سب کے لیے ایک نعمت اور باعث رشک تھی ۔ ان کی وفات پوری ملت کے لیے حادثہ عظیم ہے ۔ اس موقع پر خدا تعالی سے دعاء ہے کہ وہ حضرت مرحوم و مغفور کے اہل خانہ، رفقاء ، ہزاروں تلامذہ، اور ہم متوسلین کو صبر واستقامت کے ساتھ اس غم کو برداشت کرنے کی توفیق بخشے اور حضرت مرحوم کو رحمتوں سے نوازے اور ان کے مراتب بلند فرمائے اور انبیاء و صدیقین کا رفیق بنائے ( آمین )








