امپھال:منی پور میں، منگل کو ایک بار پھر کوکی-زومی غلبہ والے چورا چند پور اور میتی کے غلبہ والے بشنو پور اضلاع کی سرحد پر فائرنگ میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ان سرحدی اضلاع کے علاقے کھویرنٹیک میں شدید فائرنگ ہوئی جس کی وجہ سے کئی اور لوگ زخمی بھی ہوئے۔
منی پور قانون ساز اسمبلی کا ایک روزہ اجلاس منگل کو بلایا گیا تھا، جس دن فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اجلاس چند منٹوں کے بعد ہی ملتوی کر دیا گیا۔
پولیس کی معلومات کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ صبح تقریباً ساڑھے چھ بجے شروع ہوا اور دیر رات تک جاری رہا۔ اس واقعہ میں مارے گئے لوگوں میں سے ایک کی شناخت جنگمنلون گنگٹے کے طور پر ہوئی
ریاست میں اس قسم کا تشدد 11 دنوں کے بعد ہوا ہے جس میں کسی کی جان گئی ہے۔ اس سے قبل 18 اگست کو تھانہ اکھڑول میں تین افراد کو قتل کیا گیا تھا۔
انڈیجینس ٹرائبل لیڈرز فورم کا کہنا ہے کہ گنگٹے کو صبح 10 بجے کے قریب اس وقت مارا گیا جب کھویرنٹیک کے آس پاس کے کوکی زومی گاؤں پر حملہ کیا گیا۔
تاہم، چورا چند پور پولیس نے کہا کہ منگل کی رات تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا اس کی موت گولی لگنے سے ہوئی یا دھماکے سے۔
فائرنگ کے اس واقعہ کے بعد علاقے میں تعینات مرکزی سیکورٹی فورسز اور فوج نے آپریشن شروع کیا۔ حملے میں ملوث ہونے کے شبہ میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
جب سے 3 مئی کو منی پور میں ذات پات کا تشدد شروع ہوا تھا، چوراچند پور-بشنو پور سرحد پر مسلسل جھڑپیں اور تشدد دیکھنے کو مل رہا ہے۔
چوراچند پور کے پہاڑی ضلع پر کوکی-زومی قبیلے کا غلبہ ہے، جبکہ بشنو پور میتی کا غلبہ والا ضلع ہے۔
ریاست میں تقریباً 4 ماہ سے جاری تشدد میں اب تک 180 سے زائد افراد ہلاک اور 60 ہزار سے زیادہ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔









