سپریم کورٹ نے 2006 کے ممبئی ٹرین بم دھماکوں کے معاملے میں تمام 12 ملزمین کو بری کرنے کے بامبے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف مہاراشٹر حکومت کی درخواست پر منگل 24 جولائی کو سماعت کرنے پر اتفاق کیا ہے۔چیف جسٹس بی آر گاوائی اور جسٹس کے ونود چندرن اور این وی انجاریا کی بنچ نے اس معاملے کو جمعرات کے لیے درج کیا۔ سپریم کورٹ میں سالیسٹر جنرل تشار مہتا، مہاراشٹر حکومت کی طرف سے پیش ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ، اس کیس اپیل کو فوری فہرست کرنے کا ایک عنصر موجود ہے۔بامبے ہائی کورٹ نے پیر کو تمام 12 ملزمان کو بری کرتے ہوئے کہا تھا کہ استغاثہ کیس کو ثابت کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا اور یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ ملزمان نے جرم کیا ہے۔
ممبئی ٹرین دھماکے میں 180 سے زیادہ لوگوں کی موت کے تقریباً 20 سال بعد، بامبے ہائی کورٹ نے 21 جولائی 2025 کو تمام 12 ملزمان کو بری کر دیاتھا۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ ملزمان نے جرم کیا ہے۔ یہ فیصلہ کیس کی تحقیقات کرنے والی اے ٹی ایس کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہوا۔اے ٹی ایس نے دعویٰ کیا تھا کہ ملزمان کالعدم اسٹوڈنٹس اسلامک موومنٹ آف انڈیا (سیمی) تنظیم کے رکن تھے اور انہوں نے دہشت گرد گروپ لشکر طیبہ کے پاکستانی ارکان کے ساتھ مل کر سازش کی تھی۔
بامبے ہائی کورٹ کی جسٹس انیل کلور اور شیام چندک کی دو رکنی بنچ نے کہا کہ استغاثہ جرم میں استعمال ہونے والے بموں کی قسم کو ریکارڈ پر لانے میں بھی ناکام رہا۔ ہائی کورٹ نے 671 صفحات پر مشتمل اپنے فیصلے میں کہا، جرم کے حقیقی مرتکب کو سزا دینا مجرمانہ سرگرمیوں کو روکنے، قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایک ٹھوس اور ضروری قدم ہے۔اس سے قبل خصوصی عدالت نے 12 ملزمان میں سے پانچ کو سزائے موت اور باقی سات کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔








