کرناٹک حکومت کے ایک وزیر پرینک کھرگے نے تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن کے بیٹے ادھیانیدھی اسٹالن کے سناتن دھرم پر تبصرہ کے حوالے سے بیان دیا ہے۔ اے این آئی سے بات کرتے ہوئے پرینک کھرگے نے کہا کہ کوئی بھی مذہب جو مساوی حقوق نہیں دیتا یا آپ کے ساتھ انسانوں جیسا سلوک نہیں کرتا وہ ایک بیماری کی طرح ہے۔
کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے کے بیٹے پرینک کھرگے نے کہا، "کوئی بھی مذہب جو مساوات کو فروغ نہیں دیتا یا اس بات کو یقینی نہیں بناتا کہ آپ کو ایک انسان ہونے کا احترام ملے، میرے مطابق وہ مذہب نہیں ہے”۔
تمل ناڈو حکومت کے وزیر کھیل ادھیانیدھی اسٹالن نے ہفتہ (2 ستمبر) کو چنئی میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران خطاب کرتے ہوئے سناتن دھرم کا موازنہ ڈینگی اور ملیریا جیسی بیماریوں سے کیا تھا۔ انہوں نے سناتن دھرم کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
ادھیانیدھی نے کہا تھا، "کچھ چیزیں ایسی ہیں جنہیں ہمیں ختم کرنا ہے اور ہم صرف مخالفت نہیں کر سکتے۔ مچھر، ڈینگو، کورونا اور ملیریا ایسی چیزیں ہیں جن کی ہم مخالفت نہیں کر سکتے، ہمیں انہیں ختم کرنا ہے۔ سناتنم (سناتن مذہب) بھی ایسا ہی ہے۔ ہمارا پہلا کام سناتن کی مخالفت کرنا نہیں بلکہ اسے ختم کرنا ہے۔”
ایم کے اسٹالن کی قیادت والی ڈی ایم کے حزب اختلاف کے انڈیا اتحاد کا ایک اہم جزو ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ادھیاندھی کے بیان کے بعد بی جے پی اتحاد اور خاص طور پر کانگریس پر حملہ آور ہے۔ مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے کہا، "ہندوؤں کو مٹانے کا خواب دیکھنے والوں میں سے بہت سے راکھ ہو گئے ہیں۔ آپ انڈیا کے متکبر لوگ، آپ اور آپ کے دوست رہیں یا نہ رہیں، یہ سناتن تھا، سناتن ہے اور سناتن رہے گا۔”








