نئی دہلی:سماجوادی پارٹی کے صدر ایم پی اکھلیش یادو نے وقف ترمیمی بل پر بحث کے دوران کہا کہ یہ بل جو پیش کیا جا رہا ہے ایک سوچی سمجھی سیاست کے تحت کیا جا رہا ہے۔ وقف بورڈ میں غیر مسلموں کو شامل کرنے کا کیا جواز ہے؟ تاریخ کے اوراق پلٹتے ہیں، ایک ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ تھا، ہم سب جانتے ہیں کہ اس نے کیا کیا۔ اور اس کے فیصلے پر ملک نے اور آنے والی پیڑھی نے کیا نتائج بھگتے بی جے پی اس وقت مایوس ہے۔ ،بوکھلائی ہے وہ اپنے مٹھی بھی کٹر حامیوں کو مطمئن کرنے کے لیے، اپنے کچھ دوستوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے یہ بل لا رہی ہے۔ اقلیتوں کے حقوق چھینے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اسپیکر کی طرف دیکھتے ہوئے کہا کہ ہم نے لابی میں سنا ہے کہ آپ کے بھی کچھ حقوق چھینے جا رہے ہیں ہم اس کے خلاف احتجاج کریں گے۔ اس پر وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ اکھلیش یادو، آپ ایوان میں اس طرح کی بات نہیں کر سکتے۔ آپ اسپیکر کے حقوق کے محافظ نہیں ہیں۔ اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ ہمیشہ ذہن میں رکھیں کہ پارلیمنٹ کی نشست اور اندرونی انتظامات پر کوئی تبصرہ نہ کیا جائے۔ ٹی ایم سی ایم پی کلیان بنرجی نے اسے ہندو راشٹر بنانے کی طرف ایک قدم قرار دیا اور کہا کہ ہم اس کی سختی سے مخالفت کریں گے۔










