نئی دہلی: آل انڈیا یونانی طبی کانگریس (AIUTC)، دہلی نے یہاں پروفیسر محمد ادریس کی ریٹائرمنٹ پر ایک باوقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا۔ واضح ہو ڈاکٹر محمد ادریس، سابق پرنسپل اے اینڈ یو میڈیکل کالج (قرول باغ )تھے اس باوقار یادگاری تقریب کی صدارت پروفیسر ایس ایم عارف زیدی (سابق ڈین، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن، جامعہ ہمدرد، نئی دہلی) نے کی۔
انہوں نے تہنیتی گفتگو میں کہا کہ ڈاکٹر محمد ادریس نے ایک فارماسسٹ، ایڈمنسٹریٹر اور ممتاز ماہر تعلیم کے طور پر اپنی خدمات کے دوران بہت فعال کردار ادا کیا۔ ان کی بے لوث خدمات کو بھلایا نہیں جاسکتا۔انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ ان جیسے مزید لوگ آگے آئیں اور طلباء اور عوام کے لیے رول ماڈل کے طور پر اپنا حصہ ڈالیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سسٹم کے تئیں بے لوث خدمات کی وجہ سے آج طبی کانگریس سرفہرست ہے۔ اس کی طرف سے لوگوں کی خدمات کا اعتراف کرنا ایک بڑا کام ہے۔
اے آئی یو ٹی سی کے سکریٹری جنرل اور تنظیم کے روح رواں ڈاکٹرسید احمد خان نے ڈاکٹر محمد ادریس کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے اپنی مختصر گفتگو میں کہا کہ ڈاکٹر محمد ادریس اور پروفیسرعارف زیدی کی طبی برادری کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
ڈاکٹر غیاث الدین صدیقی، ڈاکٹر مرزا آصف بیگ امروہوی، حکیم آفتاب عالم، حکیم محمد مرتضیٰ دہلوی، محمد اقبال، ندیم عارف اور محمد عمران قنؤجی وغیرہ تقریب کے اہم شرکاء میں شامل تھے۔
اے آئی یو ٹی سی دہلی کے صدر ڈاکٹر شکیل احمد نے آخر میں ایسے پروگراموں کی ضرورت واہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے سب کا شکریہ ادا کیا۔









