امرتسر: مفرور امرت پال سنگھ کی بیوی کرن دیپ کور کو جمعرات کے روز امرتسر ائیرپورٹ سے حراست میں لے لیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق وہ لندن جانے کی فراق میں تھی، لیکن فلائٹ میں سوار ہونے سے پہلے ہی اسے حراست میں لے لیا گیا۔ کرن دیپ کور سے فی الحال پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب پولیس نے ’وارث پنجاب دے‘ تنظیم کے سربراہ امرت پال سنگھ اور اس کے ساتھیوں کے خلاف 18 مارچ کو کارروائی کی تھی۔ اس دوران پولیس نے اس کے سینکڑوں حامیوں کو گرفتار کر لیا تھا۔ تاہم امرت پال اپنے کچھ قریبی لوگوں کے ساتھ فرار ہونے میں کامیاب رہا۔ اس کے بعد سے پولیس مسلسل اس کی تلاش میں ہے۔ پولیس اس کے اہل خانہ اور قریبی دوستوں سے بھی پوچھ گچھ کر رہی ہے
امرت پال سنگھ نے اس سال فروری میں برطانیہ کی ایک این آر آئی کرن دیپ کور سے شادی کی تھی۔ فروری میں امرت پال سے شادی کرنے کے بعد کرن دیپ کور پنجاب چلی آئی اور فی الحال اپنے شوہر کے آبائی گاؤں جلو پور کھیڑا میں رہتی ہے۔ کرن دیپ کے خاندان کی جڑیں جالندھر میں بتائی جاتی ہیں۔ کرن دیپ اور امرت پال کی شادی اداکار اور کارکن دیپ سدھو کی ‘وارث پنجاب دے’ تنظیم کے سربراہ کا عہدہ سنبھالنے کے مہینوں بعد ہوئی تھی۔







