امریکی صدر جو بائیڈن بھی مصیبت میں پھنس گئے ہیں۔ ان کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے خلاف اسلحہ رکھنے کے مقدمے کی سماعت ایسے وقت شروع ہوئی ہے جب صدارتی انتخابات میں صرف چھ ماہ باقی رہ گئے ہیں اور بائیڈن عہدہ صدارت کی دوسری مدت کے لیے اپنی قسمت آزمارہے ہیں۔
چند دنوں قبل ہی عہدہ صدارت کے لیے ری پبیلکن پارٹی کے ممکنہ امیدوار اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ مجرم قرار دیے جانے والے امریکہ کے پہلے سابق صدر بن گئے۔ ری پبلیکن ہنٹر بائیڈن کے خلاف مقدمے کا ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن کے خلاف استعمال کرے گی
ہنٹر بائیڈن پر کیا الزامات ہیں؟
گوکہ 54 سالہ ہنٹر بائیڈن سنہ 2018 میں پوائنٹ 38 کے کولٹ کوبرا ریوالور کی خریداری کے متعلق اپنے اوپر عائد تین سنگین جرائم کی تردید کرتے ہیں لیکن انہوں نے خود ہی اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ وہ منشیات کے بہت زیادہ عادی تھے
انہوں نے بندوق کی خریداری کے متعلق سرکاری کاغذات پر غلط بیانات دیے تھے۔غیر قانونی طورپر اسلحہ کی خریداری کا جرم ثابت ہونے کی صورت میں ہنٹر کو 25 برس تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔حالانکہ عملی طور پر ایسے جرائم، اگر دیگر الزامات کے ساتھ نہیں ہیں، تو شاذ و نادر ہی قید کی سزا دی جاتی ہے۔
سنہ 2021 میں ہنٹر بائیڈن نے ایک کتاب میں اعتراف کیا تھا کہ وہ بھاری مقدار میں کوکین کا نشہ کرتے تھے۔ تاہم انھوں نے ایک قانونی فارم پر اس وقت نفی میں جواب دیا تھا جب ان سے پوچھا گیا تھا کہ کیا انھوں نے کسی منشیات کا غیر قانونی استعمال کیا ہے۔ ان فارمز پر جھوٹ بولنے کی وجہ سے بھی انہیں قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
ہنٹر بائیڈن پرٹیکس چوری کے الزامات بھی ہیں تاہم اس پر اگلے سال سماعت ہوگی۔
ییل یونیورسٹی سے وکالت کی ڈگری یافتہ ہنٹر بائیڈن ماضی میں خود بھی وکیل رہ چکے ہیں اور بعد میں انھوں نے بطور لابسٹ چین اور یوکرین میں کام کیا۔ ان کو 2014 میں نیوی سے اس وقت نکال دیا گیا تھا جب ان کا کوکین ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔(ڈی ڈبلیو)









