بچوں کی شادی (بال وواہ)کے خلاف کریک ڈاؤن میں بڑی تعداد میں لوگوں کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے، گوہاٹی ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ اس نے "لوگوں کی نجی زندگیوں میں تباہی” مچادی ہے اور ایسے معاملات میں ملزمین سے حراست میں پوچھ گچھ کی ضرورت نہیں عدالت نے بچوں کی شادی اور عصمت دری کے الزامات کے ملزموں پر جنسی جرائم سے بچوں کے تحفظ کے قانون، 2012 (POCSO) جیسے سخت قوانین کو نافذ کرنے پر آسام حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، اور کہا کہ یہ "بالکل عجیب” الزامات ہیں۔
ملزمان کے ایک گروپ کی پیشگی ضمانت اور عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس سمن شیام نے تمام درخواست گزاروں کو فوری اثر سے ضمانت پر رہا کرنے کی اجازت دی۔
جسٹس نے کہا، "یہ حراستی تفتیش کے معاملے نہیں ہیں۔ آپ (ریاست) کے قانون کے مطابق آگے بڑھیں، ہمارے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہے۔ اگر آپ کسی کو مجرم پاتے ہیں تو چارج شیٹ دائر کریں۔ اسے ٹرائل کا سامنا کرنے دواور اگر وہ مجرم ٹھہرا ہے تو اسے سزا دو۔”
انہوں نے کہا کہ یہ نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکوٹرپک مادہ (این ڈی پی ایس)، اسمگلنگ یا چوری شدہ املاک سے متعلق نہیں ہیں۔ انہوں نے منگل کو کہا، ”یہ (گرفتاری) لوگوں کی ذاتی زندگیوں میں تباہی پیدا کر رہی ہے۔ بچے ہیں، گھر والے ہیں، بوڑھے ہیں۔ یہ (گرفتاری) کرنا اچھا خیال نہیں ہوسکتا ہے۔ ظاہر ہے یہ ایک برا خیال ہے۔”
14 فروری تک کم عمری کی شادی کے 4,225 مقدمات درج کیے گئے اور مجموعی طور پر 3,031 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ کریک ڈاؤن کا آغاز 3 فروری کو 4,004 ایف آئی آر کے ساتھ ہوا۔








