نئ دہلی سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر سابق وزیر اور ایم ایل اے محمد اعظم خان کو دل کا دورہ پڑا ہے۔ انہیں دہلی کے سر گنگا رام اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جہاں انجیو گرافی کے بعد ڈاکٹروں نے ایک اسٹنٹ ڈال دیا۔ فی الحال ان کی حالت بہتر ہے لیکن وہ ماہرین کی نگرانی میں سی سی یو میں داخل ہیں۔
اعظم خان کے قریبی رشتہ داروں کے مطابق دو روز قبل پیر کے روز انہیں اچانک پسینہ آیا اور انہیں سانس لینے میں دشواری ہوئی۔اعظم خان کے میڈیا انچارج فصاحت علی خان شانو نے بتایا کہ پیر کی رات ان کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں دہلی لے جایا گیا۔ وہاں سر گنگا رام ہسپتال میں ان کا چیک اپ کیا گیا تو پتہ چلا کہ اعظم خان کو دل کا دورہ پڑا ہے۔ منگل کی صبح ان کی انجیو گرافی کی گئی جس سے معلوم ہوا کہ ان کے دل کی ایک رگ میں بلاکیج ہے۔ جس کے بعد ڈاکٹروں کی ٹیم نے منگل کو اعظم خان کے دل کی انجیو پلاسٹی کرکے اسٹنٹ ڈالا ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔








