ئی دہلی/لکھنو: یوپی میں آئندہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق سیاست ایک بار پھر گرم ہوگئی ہے۔ریاستی الیکشن کمیشن نومبر-دسمبر میں الیکشن کروانے کی تیاریوں میں مصروف تھی۔ اس درمیان سماجوادی پارٹی کے قدآور لیڈر اور رامپور سے رکن اسمبلی اعظم خان اور پرگتی شیل سماجوادی پارٹی کے صدر شیو پال یادو کے درمیان دہلی میں ہوئی خفیہ میٹنگ سے ہلچل تیز ہوگئی ہے۔ حالانکہ پی ایس پی ایل کی طرف سے ایسی کسی بھی ملاقات سے انکار کیا گیا ہے۔جانکاری کے مطابق، پرگتی شیل سماجوادی پارٹی کے قومی صدر شیوپال یادو اور سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان اتوار رات یوپی بھون پہنچے۔ شیو پال یادو جہاں پہلی منزل پر ٹھہرے، وہیں اعظم خان نے دوسری منزل پر کمرہ بُک کرایا۔ اس دوران اعظم خان کے رکن اسمبلی بیٹے عبداللہ اعظم بھی آئے ہوئے تھے۔ منگل کی صبح شیو پال یادو جہاں دہلی سے روانہ ہوگئے۔ وہیں اعظم خان اور عبداللہ اعظم ابھی دہلی میں ہی قیام پذیر ہیں۔ ایسے میں شیو پال یادو اور اعظم خان کی اتوار رات ملاقات کی بحث زوروں پر ہے۔








