گوہاٹی: آسام کے وزیر اعلی ہمنتا بسوا سرما نے آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (AIUDF) کے سربراہ اور لوک سبھا کے رکن بدرالدین اجمل کو خبردار کیا کہ وہ ریاست میں "جادوئی علاج” جھاڑ پھونک کی کوشش نہ کریں، ورنہ وہ گرفتار ہو سکتے ہیں۔
خبررساں ایجنسی آئی اے این ایس کے مطابق ریاست کے لکھیم پور ضلع میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا آغاز کرتے ہوئے، وزیر اعلیٰ نے کہا: "بدرالدین اجمل جادوئی علاج (جھاڑ پھونک)کرتے ہیں، اور انہوں نے اپنی عوامی میٹنگوں کے دوران بھی اپنی چالیں آزمائی ہیں۔ لیکن آسام اسمبلی نے ریاست میں جادوئی علاج (جھاڑ پھونک ،جادوٹونا)پر پابندی لگانے کا بل منظور کر لیا ہے۔ جو بھی اس پر عمل کرے گا اسے سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جائے گا۔سرما نے یہ بھی زور دے کر کہا کہ بدرالدین اجمل شاید ان کی باتوں پر عمل نہ کریں، لیکن اے آئی یو ڈی ایف لیڈر کو اسمبلی سے منظور کردہ آسام ہیلنگ (برائی کی روک تھام) پریکٹس بل 2024 کی پابندی کرنی چاہیے۔
آسام حکومت نے اسمبلی کے حال ہی میں ختم ہونے والے بجٹ سیشن میں بل منظور کیا جو تھراپی کے نام پر "جادوئی علاج” کو غیر قانونی قرار دیا ہے اور جو بھی اس میں ملوث ہوگا ہے اس کے لیے سخت سزائیں تجویز کی ہیں ۔
اس بل کا مقصد بعض بیماریوں اور حالات جیسے کہ بہرا پن، گونگا پن، اندھا پن، جسمانی خرابی، آٹزم وغیرہ کے علاج کے نام پر جادوئی علاج کے طریقوں کو ممنوع اور ختم کرنا ہے۔









