تحریر:فاطمہ خان
بی جے پی یا این ڈی اے کے امیدوار تقریباً نصف سیٹوں پر ہار گئے جہاں پی ایم نریندر مودی نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات کی مہم کے ایک حصے کے طور پر تقریریں کی تھیں۔ 164 حلقوں، یعنی پارلیمانی نشستوں کا تجزیہ کیاگیا، جہاں پی ایم مودی نے عوامی میٹنگیں کیں اور تقریریں کیں اور پایا کہ بی جے پی/این ڈی اے کے امیدوار 77 سیٹیں ہارے اور 87 جیتے۔ اس میں صرف 16 مارچ (جب ماڈل ضابطہ اخلاق نافذ ہوا) سے لے کر 30 مئی تک پی ایم مودی کی تقریریں شامل ہیں، جو انتخابی مہم کا آخری دن تھا۔ تقریروں کی فہرست پی ایم مودی کی آفیشل ویب سائٹ سے لی گئی ہے، اس میں روڈ شو شامل نہیں ہے۔
بی جے پی نے 53 فیصد سیٹیں جیتیں جہاں پی ایم مودی نے اپنی انتخابی مہم کے حصہ کے طور پر تقریریں کی تھیں، جو کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات پر نظر ڈالیں تو یہ ایک بڑا نقصان ہے۔ تب بی جے پی-این ڈی اے نے 85 فیصد سیٹیں جیتی تھیں جہاں انہوں نے انتخابی مہم چلائی تھی۔ اس وقت انہوں نے 103 حلقوں کا احاطہ کیا تھا، انہیں صرف 17 سیٹوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
کچھ اہم نشستیں
بی جے پی/این ڈی اے کی شکست کی اس فہرست میں راجستھان کا بانسواڑہ بھی شامل ہے جہاں اپریل میں انتخابی مہم کے دوران پی ایم مودی نے مسلمانوں کو ‘درانداز’ اور ‘زیادہ بچے پیدا کرنے والے’ کہا تھا۔ متنازعہ تقریر میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ کانگریس نے مسلم کمیونٹی کو جائیداد تقسیم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
بی جے پی کے بانسواڑہ کے امیدوار مہندرجیت سنگھ مالویہ کو بھارت آدیواسی پارٹی (بی اے پی) کے راجکمار روٹ سے 2 لاکھ سے زیادہ ووٹوں سے شکست ہوئی۔ بانسواڑہ میں ووٹنگ پی ایم مودی کی تقریر کے صرف چار دن بعد ہوئی۔
پی ایم مودی نے پنجاب کی مختلف لوک سبھا سیٹوں – ہوشیار پور، جالندھر، گرداس پور، پٹیالہ میں کئی عوامی میٹنگیں اور ریلیاں کیں، جن میں سے سبھی بی جے پی ہار گئیں۔بی جے پی کو اتر پردیش میں بھی بڑا نقصان اٹھانا پڑا۔ پارٹی ریاست کی 80 میں سے صرف 33 سیٹوں پر سمٹ کر رہ گئی، سماج وادی پارٹی ریاست کی سب سے بڑی پارٹی بن گئی۔ پی ایم مودی نے پورے یوپی میں کئی ریلیاں کیں، جس میں بی جے پی نے غازی پور سمیت کئی اہم سیٹیں مختار انصاری کے بھائی افضال انصاری سے ہاریں۔
یوپی کے علاوہ، بی جے پی اور این ڈی اے کو سب سے زیادہ نقصان مہاراشٹر میں ہوا ہے، جہاں پی ایم مودی نے تقریباً 18 ریلیاں اور روڈ شو منعقد کیے۔ مہاراشٹر میں، بی جے پی نے سولاپور، مدھا، لاتور، دھاراشیو سمیت تمام سیٹیں کھو دیں، جہاں پی ایم مودی نے ریلیاں کی تھیں۔اہم سیٹوں پر بی جے پی کی جیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے جہاں پی ایم مودی نے مہم چلائی، ان میں اڈیشہ کی کئی سیٹیں شامل ہیں، جہاں پارٹی نے 21 میں سے 20 سیٹیں جیتی ہیں، اور مدھیہ پردیش، جہاں اس نے تمام 29 سیٹیں جیتی ہیں۔(دی کوئنٹ)









