نئی دہلی:بھارتیہ جنتا پارٹی نے اگلے سال ہونے والے عام انتخابات کے لیے اپنی تیاریوں کا بلیو پرنٹ تیار کر لیا ہے۔ پارٹی نے جنوبی ریاستوں، اڈیشہ اور مغربی بنگال پر توجہ مرکوز کی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی سال کے آخر میں کم از کم 100 ریلیاں کریں گے اور ان ریاستوں میں بڑے پروجیکٹوں کا اعلان کریں گے جہاں پارٹی اپنی رسائی کو بڑھانا چاہتی ہے۔ پارٹی کے اندرونی ذرائع نے کہا ہے کہ 2024 کے عام انتخابات کے لیے بی جے پی کا بلیو پرنٹ تقریباً تیار ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم مودی سال کے آخر تک نئے پروگرام شروع کرنے اور پروجیکٹوں کا افتتاح کرنے کے لیے ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مرکزی حکومت ان ریاستوں میں میگا پروجیکٹس اور فنڈ کا اعلان کرے گی جہاں بی جے پی اپنی رسائی کو بڑھانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔








