نئی دہلی: اقلیتی بہبود کے وزیر کرن رجیجو کی جانب سے لوک سبھا میں وقف ترمیمی بل پیش کرنے کے بعد اب اسے جے پی سی کو بھیج دیا گیا ہے۔ اپوزیشن جماعتیں اس بل کے خلاف شدید احتجاج کر رہی ہیں۔ دریں اثنا، کچھ سرکردہ مسلم تنظیموں کی جانب سے وقف (ترمیمی) بل پر شدید تنقید کے درمیان، بی جے پی کا اقلیتی سیل وقف بورڈ میں اصلاحات کے لیے مسلمانوں سے تجاویز طلب کرے گا اور بل کی جانچ کرنے والی پارلیمانی کمیٹی کے سامنے پیش کرے گا۔ بی جے پی کے سات ارکان پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی۔
نیوز پورٹل اے بی پی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ ریاستی وقف بورڈ کے چیرپرسن سمیت بی جے پی کے سات ارکان کی ایک ٹیم ملک بھر کی اقلیتی کمیونٹی کے خیالات حاصل کرے گی اور مختلف مسائل پر ان کے خدشات کو دور کرے گی۔ بی جے پی کے ایک لیڈر نے دعویٰ کیا، ’’ہم کمیٹی کو ہر تجویز سے آگاہ کریں گے۔ اگر بل کے کسی پہلو پر کوئی تشویش ہے تو ہم اس کا اظہار بھی کریں گے، لیکن وقف بورڈ میں اصلاحات کی ضرورت ہر جگہ کمیونٹی کو محسوس ہوتی ہے۔
اقلیتی سیل اپنی رپورٹ بی جے پی قیادت اور پارٹی کے سینئر رکن پارلیمنٹ جگدمبیکا پال کی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی کے ساتھ شیئر کرے گا۔ اقلیتی مورچہ ٹیم کے ارکان میں شاداب شمس، سنور پٹیل اور محسن لوکھنڈ والا، بالترتیب اتراکھنڈ، مدھیہ پردیش اور گجرات میں وقف بورڈ کے سربراہ اور ہریانہ وقف بورڈ کے منتظم ذاکر حسین شامل ہیں۔
*ملک بھر کے مسلمانوں سے بات کریں گے۔
گزشتہ ہفتے بی جے پی ہیڈکوارٹر میں اقلیتی مورچہ کی میٹنگ میں بھی یہ مسئلہ اٹھایا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی قیادت نے مورچہ کے سربراہ جمال صدیقی سے کہا ہے کہ وہ ملک بھر کے مسلمانوں سے رابطہ کریں اور وقف ایکٹ میں اصلاحات کے حق میں ماحول پیدا کریں، تاکہ مختلف وقف بورڈوں کے کام کاج کو مزید جوابدہ اور شفاف بنایا جاسکے۔آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ وغیرہ جیسی ممتاز مسلم تنظیمیں مجوزہ بل کی مخالفت کر رہی ہیں اور یہ الزام لگا رہی ہیں کہ یہ ان کے مذہبی طریقوں کے خلاف ہے اور آئین کی خلاف ورزی ہے۔