لکھنؤ ؍چنڈی گڑھ (ایجنسی)
یوپی میں ووٹنگ کے تیسرے مرحلے کے تحت، صبح 11 بجے تک 21.18 فیصد ووٹنگ ہوئی ، جب کہ اس وقت تک پنجاب کی تمام سیٹوں پر 17.17 فیصد ووٹنگ ہوئی ۔ دریں اثنا، سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سربراہ اور سابق یوپی سی ایم اکھلیش یادو اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے اتوار کی صبح تقریباً 11 بجے سیفئی پہنچے۔ اس دوران ان کی اہلیہ ڈمپل یادو بھی ان کے ساتھ تھیں۔ جیسے ہی یادو پولنگ بوتھ کے قریب پہنچے، ایس پی کارکن اکٹھے ہوگئے اور ’’اکھلیش بھیا زندہ باد‘‘ کے نعرے لگانے لگے۔ بتا دیں کہ وہ کرہل سیٹ سے الیکشن لڑ رہے ہیں، جو ان کے والد ملائم سنگھ یادو کی کرم بھومی رہی ہے۔
بی جے پی کاہونے جارہاہے صفایا ،کسان معاف نہیں کریں گے : اکھلیش
ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے ووٹنگ کے بعد کہا – کسی بھی دہشت گرد کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جانی چاہئے۔ انتخابات سے پہلے بی جے پی کا الزام لگانا، بی جے پی حکمت عملی پر چلتی ہے۔ بابا وزیراعلیٰ اٹاوہ آئے تھے، انہوں نے جھوٹی تصویر لگائی۔ یوپی جب میں تمام جگہ جب ترقی دکھانی تھی تو چین کی تصویر چوری کرکے کون لایا؟ جسونت نگر میں ووٹ ڈالنے کے بعد یادو نے مزید دعویٰ کیا، ’جے پی کا صفایا ہونے جارہاہے ۔ یوپی کے کسان انہیں معاف نہیں کریں گے۔ ہم نے پہلے دو مرحلوں میں سنچری بنائی ہے اور اس مرحلے میں بھی ایس پی اور اتحاد سب سے آگے ہوں گے۔
وہیں اتر پردیش میں تیسرے مرحلے کی پولنگ کے دوران کانپور کی میئر پرمیلا پانڈے کی ووٹنگ کا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے۔ یہ کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ تاہم جب ان سے اس بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم کہ یہ کلپ کس نے ریکارڈ کیا۔ کہا جا رہا ہے کہ ان کے خلاف ووٹنگ کے دوران رازداری کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی ایم نے پانڈے کے خلاف کارروائی کا عمل بڑھا دیا ہے۔
بتادیں کہ یوپی انتخابات میں فی الحال ریاست کے 16 اضلاع کی 59 سیٹوں کے لیے تیسرے مرحلے کی ووٹنگ جاری ہے۔ پنجاب کی تمام 117 اسمبلی سیٹوں کے لیے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوگئی تھی۔ دونوں صوبوں میں کثیر الجہتی مقابلہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اس وقت یوپی میں بی جے پی اور پنجاب میں کانگریس کی حکومت ہے۔ انتخابی حکام کے مطابق یوپی میں صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک پولنگ ہوگی جب کہ پنجاب میں صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک ووٹ ڈالے جائیں گے۔ بتادیں کہ پہلے مرحلے میں 58 سیٹوں پر 10 فروری کو اور دوسرے مرحلے میں 14 فروری کو 55 سیٹوں پر پولنگ مکمل ہو چکی ہے۔ ریاست میں سات مرحلوں پر مشتمل اسمبلی انتخابات کے ساتویں مرحلے کی ووٹنگ 7 مارچ کو ہوگی۔ نتائج 10 مارچ کو آئیں گے۔










