انڈیا کی وسطی ریاست چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور سے متصل آرنگ قصبے میں مبینہ طور پر سمگلنگ کے شبے پر ایک مشتعل ہجوم کے حملے میں دو مسلمانوں کی ہلاکت ہوئی ہے جبکہ ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
ہجوم کے حملے میں ہلاک ہونے والے چاند میاں اور گڈو خان نامی دو افراد اتر پردیش کے سہارنپور کے رہنے والے بتائے جاتے ہیں۔
سنیچر کو پولیس اس حملے میں شدید زخمی نوجوان صدام قریشی کا بیان لینے کی کوشش کرے گی۔ پولیس کے مطابق صدام کے بیان سے واضح ہو جائے گا کہ اصل میں کیا ہوا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ جمعہ کی رات تقریباً دو بجے ہوا جب ایک ٹرک رائے پور سے تقریباً 70 کلومیٹر دور مہاسمند-آرنگ روڈ پر واقع مہاندی کے پل پر تھا۔
رائے پور دیہی علاقے کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس کیرتن راٹھور نے بی بی سی کو بتایا: ‘یہ لوگ ایک ٹرک میں بھینسیں لے جا رہے تھے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کی پٹائی کی گئی۔ جبکہ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ غضبناک بھیڑ سے بچنے کے لیے ان لوگوں نے پل سے دریا میں چھلانگ لگا دی تھی جہاں دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔’
کیرتن راٹھور نے کہا کہ اس حملے میں زخمی ہونے والے صدام قریشی کے بیان سے ہی یہ واضح ہو پائے گا کہ ان کے ساتھ کیا ہوا تھا۔
انھوں نے کہا: ‘پولیس اس راستے پر آس پاس کے علاقوں میں موجود سی سی ٹی وی فوٹیج کو سکین کر رہی ہے۔ تاہم ابھی تک کوئی شواہد نہیں ملا ہے کہ یہ ہجومی تشدد کا معاملہ ہے۔ پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ ان تینوں کا پیچھا کون کر رہا تھا۔
‘کچھ مشکوک لوگوں سے پوچھ گچھ کی گئی ہے، لیکن ابھی تک اس معاملے میں کسی کو حراست میں نہیں لیا گیا ہے۔’
اخبار دی ہندو کے مطابق کیرتن راٹھور نے بتایا کہ ’پولیس کو ہیلپ لائن پر اطلاع ملی تھی کہ کچھ لوگ ان کا پیچھا کر رہے ہیں۔ جائے حادثہ پر پہنچنے کے بعد پولیس نے ان لوگوں کو مہاندی میں پل کے نیچے پایا۔
’ان میں سے ایک کی موت ہو گئی تھی۔ اور دو زخمی تھے۔ دونوں زخمیوں کو مہاسمند لے جایا گیا جن میں سے ایک کی موت ہو گئی۔‘
تاہم پولیس کے بیان کے برعکس کچھ مقامی لوگوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جمعے کو یہ تینوں نوجوان مہاسمند ضلع کے بڑودہ مویشی منڈی پہنچے تھے۔ وہاں انھوں نے بھینسیں خریدیں اور انھیں ایک ٹرک میں لاد کر اوڈیشہ کے لیے روانہ ہوگئے۔ لیکن کچھ لوگوں نے راستے میں ان کا پیچھا کیا، جس کے بعد انھوں نے رائے پور جانے کا فیصلہ کیا









