ردرپور ( اترکھنڈ ): کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ اپوزیشن پارٹی کے شاہی خاندان کے شہزادے نے اعلان کردیا ہے کہ اگر بی جے پی اقتدار پر واپس آتی ہے تو ملک آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آجائےگا۔ وزیر اعظم نے ردر پور میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 60 برس تک ملک پر حکومت کی ہے لیکن اقتدار سے صرف دس برس باہر رہنے کے بعد وہ لوگ ملک میں آگ لگنے کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ آیا یہ جمہوریت کی زبان ہے ؟۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ اس طرح کے لوگوں کو سزا دیں ’’ چن چن کے صاف کردو ۔ اس بار ان کو میدان میں مت رہنے دو ‘ ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی ذہنیت ایمرجنسی والی ہے اور وہ جمہوریت میں یقین نہیں رکھتی ۔ اسی لئے عوامی رائے کے خلاف ہی عوام کو اکسانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ وزیر اعظم دہلی میں منعقدہ اپوزیشن کی ریلی میں راہل گاندھی کے خطاب کو نشانہ بنا رہے تھے ۔ انڈیا بلاک کے قائدین کی موجودگی میں خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے بی جے پی اور وزیر اعظم پر آئندہ لوک سبھا انتخابات کی ’ فکسنگ ‘ کا الزام عائد کیا تھا اور کہا تھا کہ ای وی ایم ‘ میچ فکسنگ ‘ سوشیل میڈیا اور صحافت پر دباؤ کے بغیر بی جے پی 180 سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل نہیں کرسکتی ۔ راہول گاندھی نے کہا تھا کہ اگر بی جے پی فکسڈ الیکشن کو جیت جاتی ہے اور دستور میں تبدیلی کرتی ہے تو سارا ملک آگ کی لپیٹ میں آجائیگا ۔ انہوں نے کہا تھا کہ ان کے الفاظ یاد رکھے جائیں کہ یہ ملک باقی نہیں رہے گا ۔ نریندرمودی نے آج اپنے خطاب میں کہا کہ آج ملک میں دو کیمپ ہیں۔ ایک ہمارا کیمپ ہے جو دیانتداری اور شفافیت عوام کو دے رہا ہے جبکہ دوسرا کیمپ بدعنوان ‘ موروثی قائدین کا ہے جو ایک جگہ جمع ہوگئے ہیں۔ یہ بدعنوان لوگ ہیں اور یہ لوگ مودی کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ہم کرپشن کو ختم کرنے کی بات کرتے ہیں وہ کرپشن کو بچانے کی بات کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ اپوزیشن انڈیا اتحاد کی جماعتوں نے چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کی شراب گھوٹالہ میں گرفتاری پر تنقید کی تھی اور حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ سیاسی انتقام کے جذبہ کے تحت مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کے ذریعہ اپوزیشن کو خوفزدہ کر رہی ہے۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ تنقیدوں یا دھمکیو ں ںسے خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں۔ انہوںن نے کہا کہ ہر بدعنوان فرد کے خلاف قانونی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔