لکھنؤ: یوگی آدتیہ ناتھ کی زیرقیادت اترپردیش حکومت نے ریاست کے تمام ضلع مجسٹریٹس کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ 22 مارچ سے شروع ہونے والے چیترنوراتری اور رام نومی تہوار کے نو دنوں کے دوران دیوی درگا کے مندروں اور شکتی پیٹھوں میں عظیم الشان مذہبی اور ثقافتی پروگرام منعقد کریں۔
محکمہ ثقافت کی طرف سے 10 مارچ کو جاری کی گئی نو نکاتی ہدایات میں تمام کمشنروں اور ضلع مجسٹریٹس کو ثقافتی پروگرام منعقد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ضلعی افسران کو اس سلسلے میں 21 مارچ تک تمام تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی تقریب کے لیے جی پی ایس لوکیشن، پتہ، تصویر اور منتخب مندروں کی مینجمنٹ کمیٹی کا رابطہ بھی طلب کیا گیا ہے۔ انتظامی سطح پر تال میل کے لیے ریاستی سطح پر دو نوڈل افسروں کا تقرر کیا گیا ہے۔
جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ مندروں اور شکتی پیٹھوں میں درگا شتشتی، دیوی گان اور دیوی جاگرن اور جھانکیوں کا اہتمام کیا جانا ہے۔ حکومت ان پروگراموں میں خواتین اور لڑکیوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے ایک خصوصی مہم بھی شروع کرے گی۔ تقریب کی تفصیلات اور تصاویر محکمہ ثقافت کی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کی جائیں گی۔
29 اور 30 مارچ کو اشٹمی اور نومی کے دن بڑی بڑی شکتی پیٹھوں میں ‘اکھنڈ رامائن’ کا پاٹھ ہوگا، جس میں ‘انسانی اقدار، سماجی اقدار اور قومی اقدار’ کے فروغ کے لیے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ ان تقریبات کے لیے ہر ترقیاتی بلاک، تحصیل اور ضلع کی سطح پر ایک آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ (کریڈٹ: ستیہ ہندی)