۔. رانچی (ایجنسی) تحقیقاتی ایجنسی ای ڈی نے غیر قانونی کان کنی کے معاملے میں پریم پرکاش نامی شخص کو رانچی سے گرفتار کیا ہے۔ پریم پرکاش جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کے بہت قریب بتائے جاتے ہیں۔ پریم پرکاش کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انتظامی گلیاروں میں ان کی زبردست گرفت ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین بھی غیر قانونی کانکنی کے معاملے میں ای ڈی کے رڈار پر ہیں۔ ای ڈی نے چند ماہ قبل ہیمنت سورین کے قریبی ساتھی پنکج مشرا کو گرفتار کیا تھا اور تقریباً 12 کروڑ روپے کے اثاثے ضبط کیے تھے۔ 8 جولائی کو ای ڈی نے جھارکھنڈ میں کئی مقامات پر چھاپے مارے اور کئی اہم دستاویزات اور 5 کروڑ روپے برآمد کئے۔ پچھلے کچھ مہینوں سے ای ڈی جھارکھنڈ میں مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔ اس سال مئی میں ای ڈی کو جھارکھنڈ میں تعینات آئی اے ایس افسر پوجا سنگھل کے دو ساتھیوں کے گھر سے 19 کروڑ روپے ملے تھے۔ ای ڈی کو یہ رقم منریگا اسکیم میں بدعنوانی کی شکایت کے دوران چھاپے مارنے کے بعد ملی۔ 19 کروڑ میں سے 17 کروڑ روپے پوجا سنگھل کے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ سمن کمار کے گھر سے ملے۔








