نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیر کو مزاحیہ اداکار منور فاروقی کو ضمانت دے دی، جو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی توہین کے ساتھ مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔ جسٹس بی آر گوائی اور جسٹس سنجے کرول کی بنچ نے فاروقی کی ضمانت کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے، مدھیہ پردیش میں لوگوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے لیے ان کے خلاف مختلف ریاستوں میں (اس کیس سے متعلق) درج کی گئی تمام ایف آئی آر کو بھی یکجا کر دیا اور اندور کے توکو گنج پولیس اسٹیشن منتقل کرنے کا حکم دیا۔
ہندوؤں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے ساتھ ساتھ کامیڈین فاروقی پر اپنے ایک پروگرام کے دوران مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے لیے توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے کا بھی الزام ہے۔ کامیڈین فاروقی نے اندور میں ایک شو کے دوران مبینہ طور پر ہندو دیوتاؤں کے لیے توہین آمیز الفاظ استعمال کیے تھے۔ انہیں یکم جنوری 2021 کو مدھیہ پردیش پولیس نے ایک شکایت کی بنیاد پر گرفتار کیا تھا۔







