نئی دہلی:دہلی میں ہفتہ کی شام بارش کی وجہ سے اولڈ راجندر نگر میں آر اے یو ایس آئی اے ایس کوچنگ سینٹر کے تہہ خانے میں پانی بھر جانے سے ایک المناک حادثہ پیش آیا۔ تہہ خانے میں اتنی تیزی سے پانی بھر گیا کہ طلبہ کو سنبھلنے کا موقع بھی نہیں ملا۔ پانی بھرنے کے باعث 3 طلبہ ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ اب اس حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے کوچنگ سینٹر کے مالک ابھیشیک گپتا اور کوآرڈینیٹر کو گرفتار کر لیا ہے۔ دونوں ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔
آج تک کی رپورٹ کے مطابق حادثے کے بعد دہلی میونس کارپوریشن (ایم سی ڈی) ایکشن موڈ میں آ گئی ہے۔ ایم سی ڈی نے تہہ خانوں میں غیر قانونی طور پر چل رہے 13 کوچنگ سنٹروں کو سیل کر دیا۔ اس کے علاوہ کوچنگ سنٹرز پر نوٹس بھی چسپاں کر دیے گئے ہیں۔ ایم سی ڈی کے عہدیداروں نے راجندر نگر علاقہ میں چل رہے کئی کوچنگ سنٹروں پر پہنچ کر جانچ کی اور کارروائی کی۔ کارروائی کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے میئر شیلی اوبرائے نے کہا کہ راجندر نگر کے تمام کوچنگ سنٹر قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تہہ خانے میں چلائے جارہے ہیں۔
ایم سی ڈی نے انہیں سیل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو یہ مہم پوری دہلی میں چلائی جائے گی۔ رات گئے تک 13 کوچنگ سینٹرز سیل کر دیے گئے۔
میئر شیلی اوبرائے نے کہا کہ اس واقعہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے میں نے اتوار کو ایم سی ڈی کے عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ وہ دہلی بھر کے تہہ خانوں میں چل رہے تمام کوچنگ سنٹروں کے خلاف کارروائی کریں اور ان کو سیل کر دیا جائے۔ شیلی اوبرائے نے کہا کہ راجندر نگر میں غیر قانونی طور پر چل رہے کوچنگ سنٹرس کو سیل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر کئی کوچنگ سینٹرز کو سیل بھی کر دیا گیا ہے۔ اب یہ مہم پوری دہلی میں چلائی جائے گی جہاں کہیں بھی ضرورت ہوگی، کوئی بھی کوچنگ سینٹر ایم سی ڈی قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہوا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔










