نئی دہلی :(ایجنسی)
میڈیا کے ذریعے ملی خبر کے مطابق آر ایس ایس کی ذیلی تنظیم’’مسلم راشٹریہ منچ‘‘ رمضان کے مقدس مہینے میں ملک بھر میں (اپنے حرام پیسوں سے) افطار پارٹی کا اہتمام کرے گی، جس میں آر ایس ایس کے لیڈران بھی شامل ہوں گے اور رمضان کے بعد یہ منچ ملک بھر میں ’عید ملن‘ کا پروگرام بھی منعقد کرے گا۔
اس خبر پر آل انڈیا امامس کونسل کے قومی ترجمان و نائب صدر مفتی حنیف احرار قاسمی نے اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ: مسلم راشٹریہ منچ آر ایس ایس اور سنگھ پریوار کی بنائی ہوئی تنظیم ہے جو مسلمانوں کے خلاف سنگھی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے اور مسلمانوں کو گمراہ کرنے کے لیے ان کے بیچ میں گھس کر افطار پارٹی، عید ملن اور الگ الگ پروگراموں کے نام پر حرام کھلا کر روزہ اور ایمان خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ مسلمان ان کے دھوکے میں بالکل نہ آئیں۔ مسلم راشٹریہ منچ کا بانی اور سرپرست، آر ایس ایس کا لیڈر ”اندریش کمار“ ہے جس پر اجمیر شریف درگاہ بم دھماکے کا الزام ہے۔
آل انڈیا امامس کونسل اس طرح دین کے نام پر دھوکے بازی کی مذمت کرتی ہے اور یہ اعلان کرتی ہے کہ اگر کہیں پر بھی اس طرح کا پروگرام کیا گیا تو آل انڈیا امامس کونسل اس کے خلاف پورے ملک میں عوام بیداری مہم چلائے گی۔ کسی بھی تنظیم کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ ”دین کے نام پر“ مسلمانوں کو گمراہ کرے، جو بھی مسلم کمیونٹی کو گمراہ کرنے کی کوشش کرے گا آل انڈیا امامس کونسل اس کے سامنے آہنی دیوار بن کر کھڑی ہو جائے گی۔
اسی کے ساتھ قومی نائب صدر نے ملک کے تمام علماء اور ائمۂ کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس نازک ترین دور میں بالخصوص رمضان کے مبارک مہینے میں اپنے اپنے علاقوں میں سنگھ پریوار کی سازشوں سے مسلمانوں کو آگاہ کریں، ان کو سنگھی سازشوں کا شکار ہونے سے بچائیں اور اس تعلق سے اپنی ذمے داریوں میں بالکل کوتاہی نہ برتیں؛ تاکہ مسلمانوں کا دین و ایمان اور عزت و آبرو محفوظ رہ سکے۔










