نئی دہلی ؍ رامپور:(ایجنسیاں)
سپریم کورٹ نے بدھ کو ایک بار پھر سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خاں کی ضمانت نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے اتر پردیش پولیس پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی اعظم خاں ضمانت پر رہا ہونے والے تھے، ان کے خلاف نیا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ستیہ ہندی ڈاٹ کام کے مطابق عدالت نے ریاستی حکومت سے اس معاملے میں اپنا جواب داخل کرنے کو کہا۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 17 مئی کو ہوگی۔
الٰہ آباد ہائی کورٹ نے منگل کو وقف بورڈ معاملے میں اعظم خاں کو ضمانت دے دی تھی لیکن ایک نیا مقدمہ درج ہونے کی وجہ سے ایس پی کے سینئر لیڈر باہر نہیں آ سکے۔ اس نئے کیس میں الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے جعلی سرٹیفکیٹ کے ذریعے اسکول کی منظوری حاصل کی ہے۔ حال ہی میں رامپور پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کی ہے۔ اعظم خاں کے خلاف درج کیا گیا یہ 88واں مقدمہ ہے۔
ای ڈی کا جوہر یونیورسٹی پر چھاپہ
دوسری طرف ای ڈی نے بدھ کو اعظم خاں کی جوہر یونیورسٹی پر چھاپہ مارا۔ ای ڈی کی ایک ٹیم مقامی تحصیلدار اور کچھ افسران کے ساتھ جوہر یونیورسٹی پہنچی۔
بتا دیں کہ اعظم خاں 26 فروری 2020 سے اتر پردیش کی سیتا پور جیل میں بند ہیں۔ ان کے خلاف درج باقی مقدمات میں انہیں ضمانت مل گئی ہے۔ اعظم خاں کی جانب سے الزام لگایا گیا کہ اتر پردیش کی بی جے پی حکومت ان معاملات کی سماعت کو روکنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔
اعظم خاں کی ضمانت کی درخواست ایم پی ایم ایل اے کی خصوصی عدالت نے 27 جنوری 2022 کو مسترد کر دی تھی۔ اس بار اعظم خاں نے جیل میں رہتے ہوئے اپنی سیٹ رام پور سے سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا اور کامیابی حاصل کی۔
6 مئی کو ہونے والی سماعت کے دوران بھی جسٹس ایل ناگیشور راؤ اور جسٹس بی آر گوائی کی بنچ نے کہا تھا کہ چونکہ الہ آباد ہائی کورٹ نے اعظم کی ضمانت کی عرضی کے معاملے میں اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے، اس لیے وہ اس معاملے کی سماعت 11 مئی کو کرے گی۔
عدالت نے ایسا اس لیے کیا کیونکہ ہائی کورٹ کو اعظم خاص کی درخواست ضمانت کے معاملے میں حکم دینے کے لیے وقت ملے گا۔ لیکن اعظم ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد بھی باہر نہیں آ سکے۔
اعظم خاں کو لے کر اتر پردیش کی سیاست بھی گزشتہ کچھ دنوں سے گرم ہے اور کہا جا رہا ہے کہ جیل سے باہر آنے کے بعد وہ کوئی بڑا قدم اٹھا سکتے ہیں۔
اعظم خاں کے کئی حامی ماضی میں سماج وادی پارٹی سے استعفیٰ دے چکے ہیں اور پرگتی شیل سماج وادی پارٹی کے صدر شیو پال سنگھ یادو نے کہا ہے کہ سماج وادی پارٹی نے اعظم خاں کی رہائی کے لیے لڑائی نہیں لڑی۔









