قطر اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی تعلقات کی مکمل بحالی کے اعلان کے بعد پیر 19جون سے دونوں ممالک میں ایک دوسرے کے سفارت خانوں نے دوبارہ اپنا کام شروع کردیا ہے۔ قطری وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ دونوں سفارت خانوں کی جانب سے سہولیات کی دوبارہ فراہمی کے موقع پر قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی اور شیخ عبداللہ بن زاید کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
تعلقات کی بحالی مفاہمت کے لیے وسیع تر علاقائی دباؤ اور عرب ریاستوں کی جانب سے دوحہ کے بائیکاٹ کو ختم کرنے کے دو سال سے زائد عرصے کے بعد ہوئی ہے جس نے مغرب کے اتحادی خلیجی عرب بلاک کو توڑ دیا تھا۔ قطری وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی اور شیخ عبداللہ بن زاید نے پیر کو دونوں سفارت خانے دوبارہ کھلتے ہی فون پر بات کی۔
قطر اور امارات نے تعلقات کیوں منقطع تھے:خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے اپریل میں اطلاع دی تھی کہ دونوں خلیجی ریاستیں سفارتی تعلقات کی بحالی کے عمل میں ہیں۔ ابوظہبی اور دوحہ برسوں تک علاقائی اثر و رسوخ، سیاست میں اسلام کے کردار اور پورے مشرق وسطیٰ میں جمہوریت نواز تحریکوں کی حمایت پر ایک دوسرے کے خلاف صف آرا رہے۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر پر دہشت گردی کی حمایت، سیاسی اسلام کے حوالے سے اس کے کردار، اور ایران کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کرنے کا الزام لگا کرسن 2017 میں، اس کے ساتھ تمام تعلقات منقطع کر لیے تھے۔







