وزیر اعلیٰ سدارامیا، نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار اور دیگر آٹھ وزراء کے عہدہ کا حلف اٹھانے کے ایک ہفتہ بعد کانگریس نے مزید 24 قانون سازوں کے ناموں کا اعلان کیا، جنھوں نے آج (27 مئی 2023) وزیر کے طور پر حلف لیا ہے۔ کابینہ کی اس توسیع سے کابینہ کی کل تعداد 34 ہو جاتی ہے، جو کہ قانون کے تحت زیادہ سے زیادہ تعداد کی اجازت کے تحت ہے۔
وزراء کی حلف برداری کی تقریب بنگلورو کے راج بھون میں جاری ہے۔ یہ گزشتہ تین دنوں سے قومی راجدھانی دہلی میں وزیر اعلیٰ سدارامیا اور نائب وزیر اعلیٰ شیوکمار دونوں کی پارٹی ہائی کمان کے ساتھ مصروف گفتگو کے بعد سامنے آیا ہے۔
آج ریاستی کانگریس کے کارگزار صدر ایشور کھنڈرے اور ریاستی کانگریس کے سابق صدر دنیش گنڈو راؤ نے وزارتی عہدہ کا حلف لیا۔ ان کے علاوہ سینئر لیڈر ایچ کے پاٹل، کرشن بائریگوڑا، این چیلوورائے سوامی، کے ونکٹیش اور رحیم خان کو بھی وزیر بنایا گیا ہے۔
آج جن 24 لیڈروں کو وزارتی عہدہ کا حلف دلایا گیا ہے ان میں 6 لنگایت، 4 ووکالیگا، 3 درج فہرست ذات، 2 درج فہرست قبائل اور 5 کروبا، راجو، مراٹھا و موگاویرا طبقہ سے لیے گئے ہیں۔ اسے دیکھ کر لگتا ہے کہ کانگریس لوک سبھا انتخاب سے قبل کسی بھی طبقہ کو مایوس نہیں کرنا چاہتی۔ ذاتوں کے علاوہ کانگریس نے کچھ خاص علاقوں کو بھی خوش کرنے کی کوشش کی ہے۔ مثلاً حکومت میں قدیم میسور اور کلیان کرناٹک علاقہ سے 7-7 اراکین اسمبلی کو وزیر بنایا گیا ہے۔ اسی طرح کتور علاقہ سے 6 اور وسط کرناٹک سے 2 اراکین اسمبلی وزراء بنائے گئے ہیں۔







