نئی دہلی: ہندوستانی خواتین پہلوانوں ونیش پھوگاٹ اور ساکشی ملک نے بدھ کے روز بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا۔ ونیش پھوگاٹ کا کہنا ہے کہ کوچ اور ڈبلیو ایف آئی کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کی طرف سے قومی کیمپوں میں خواتین پہلوانوں کو جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔ قومی کیمپوں میں تعینات کچھ کوچز برسوں سے خواتین ریسلرز کو جنسی طور پر ہراساں کر رہے ہیں۔
کئی نوجوان خواتین پہلوانوں نے مجھ سے قومی کیمپوں میں جنسی ہراسانی کی شکایت کی ہے۔ میں کم از کم 20 لڑکیوں کو جانتی ہوں جنہیں قومی کیمپ میں جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔ آج میں یہ کہہ رہی ہوں، پتا نہیں کل زندہ رہوں گی یا نہیں۔ WFI لوگ بہت طاقتور ہیں۔
ڈبلیو ایف آئی کے صدر برج بھوشن نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ونیش کے علاوہ اور کون کہہ رہا ہے کہ ڈبلیو ایف آئی میں ایک پہلوان کو جنسی طور پر ہراساں کیا گیا؟ کیا کسی نے سامنے آ کر کہا ہے کہ انہیں نجی طور پر جنسی طور پر ہراساں کیا گیا ہے؟ اگر کوئی پہلوان بھی سامنے آکر کہے کہ اس کے ساتھ جنسی زیادتی ہوئی ہے تو اس دن مجھے پھانسی دے دو
بھارت کی چوٹی کی خواتین ریسلرز ونیش پھوگاٹ، ساکشی ملک، سنگیتا پھوگاٹ، بجرنگ، سونم ملک اور انشو نے جنتر منتر پر ڈبلیو ایف آئی کے کام کے خلاف احتجاج کیا۔








