علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ڈاکٹریٹ فیلو فرحان زبیری کو علی گڑھ پولیس نے جمعہ 22 ستمبر کو گرفتار کیا تھا۔ زبیری یونیورسٹی میں طلبہ یونین کے ایک ممتاز رہنما بھی رہ چکے ہیں، جو ہندو قوم پرست پالیسیوں کے خلاف مظاہروں کی قیادت میں سرگرم عمل رہے۔
فرحان زبیری کے بھائی عمران زبیری نے مکتوب کو بتایا کہ ان کے گھر والے زبیری کی گرفتاری کی وجوہات سے مکمل طور پر لاعلم ہے عمران نے کہا، "فرحان نے مسلسل طلباء کے مسائل اور انصاف سے متعلق معاملات کی وکالت کی ہے۔” انہوں نے مزید کہا، ’’یہ ظاہر ہے کہ یہ حکومت اختلاف کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہی ہے۔ وہ کسی بھی تنقید یا سوال سے عدم برداشت کا شکار نظر آتے ہیں اور فرحان یقیناً اختلاف کرنے والی ایک نمایاں آواز ہیں۔
عمران نے کہا کہ انہیں ابھی تک ان کی گرفتاری کی وجہ فراہم نہیں کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا، "ہم اس کی جلد سے جلد رہائی کے لیے قانونی طور پر لڑیں گے۔”عمران نے مکتوب میڈیا کو اطلاع دی کہ پولیس نے اسے سول لائنز تھانے منتقل کر دیا ہے۔
علی گڑھ شہر کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مریگانک شیکھر پاٹھک نے مکتوب کو مطلع کیا، "ان کے خلاف جون 2023 سے ایک طویل عرصے سے زیر التوا کیس سے متعلق ایک بقایا وارنٹ گرفتاری تھا۔”کیس کی تفصیلات کے بارے میں پوچھے جانے پر، افسر نے کہا: "وہ یونیورسٹی کیمپس کے اندر ایک شخص کو گھسیٹنے اور مارنے کے معاملے میں ملزم ہے۔”انہوں نے مزید کہا، "شکایت کنندہ کی طرف سے درج ایف آئی آر کے مطابق، دیگر ملزمان بھی تھے جنہیں جون میں گرفتار کیا گیا تھا، اور فرحان زبیری کو گرفتار کیا جانا باقی تھا۔ اب ان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔‘‘








