پیغام رسانی سے متعلق ایک اہم بین الاقوامی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام کے بانی اور سی اِی او پاول دورو کو فرانس میں گرفتار کرلیا گیا۔
فرانسیسی میڈیا کے مطابق پاول دورو آزربائیجان سے اپنے نجی طیارے کے ذریعے پیرس پہنچے تھے جہاں انہیں حکام نے گرفتار کرلیا۔
انتالیس برس کے پاول دورو روس اور فرانس دونوں ممالک کی شہریت رکھتے ہیں، ان پر قانون نافذ کرنیوالے حکام سے عدم تعاون، منشیات کی اسمگلنگ، کمسنوں سے مجرمانہ فعل اور دھوکہ دہی میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ٹیلی گرام کے سی ای او پر آج فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق پاول دورو پر دہشتگردی، منی لانڈرنگ اور چوری شدہ چیزیں لینے کا بھی الزام عائد کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاول دورو روس میں پیدا ہوئے تھے تاہم اپنا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند کرنے سے متعلق مطالبات تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے انہوں نے سن دو ہزار چودہ میں روس چھوڑ دیا تھا۔ٹیلی گرام روس اور یوکرین میں خاص طور پر مقبول ہے۔