قطر کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی میں مزید دو دن کی توسیع کے لیے ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔
اس بات کا اعلان سوشل میڈیا پر قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد محمد الانصاری نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ثالثی کے ایک حصے کے طور پر، غزہ کی پٹی میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کو مزید دو دن تک بڑھانے کے لیے ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔
ایک قطری عہدیدار نے سوموار کو کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس نے سوموار کو رہا ہونے والے قیدیوں کی فہرست پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق قطری عہدیدار نے مزید کہا کہ ’قطری ثالث اسرائیل اور حماس کے ساتھ مل کر معاملات کو حل کرنے اور تاخیر سے بچنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔‘
اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے گذشتہ تین دنوں میں اسرائیل نے فلسطینی خواتین اور نوجوانوں کے نام پیش کیے تھے جنہیں وہ جیل سے رہا کرے گا اور حماس رہائی سے کم سے کم 12 گھنٹے قبل ان اسرائیلی قیدیوں کے جمع کرائے گا جنہیں اس نے رہا کرنا ہے۔








