احمد آباد :(ایجنسی)
لیموں نے لوگوں کے دانت کھٹا کردیئے ہیں۔ گجرات کے راج کوٹ میں اس کی قیمت 200 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ چند روز قبل یہاں لیموں 50 سے 60 روپے فی کلو فروخت ہو رہا تھا۔ روس یوکرائن جنگ کی وجہ سے گزشتہ چند دنوں میں بہت سے پھلوں، سبزیوں اور دالوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پیٹرول اور ڈیزل بھی مہنگا ہو گیا ہے لیکن شاید کسی کو توقع نہیں تھی کہ لیموں اتنا مہنگا ہو جائے گا۔
ایک گاہک نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ جب لیموں 50-60 روپے فی کلو تھا تو یہ آسانی سے بجٹ میں فٹ ہو جاتا تھا لیکن اب جب یہ بہت مہنگا ہو گیا ہے تو اس نے ہمارے کچن کا بجٹ خراب کر دیا ہے۔
گرمیوں میں اضافے کے ساتھ ہی لیموں کی مانگ بھی بڑھ جاتی ہے کیونکہ لیموں کی شکنجی ، لیموں کا رس، لیموں کا سوڈا، لیموپانی وغیرہ میں استعمال ہوتا ہے۔ لیموں وٹامن سی کا ایک بڑا ذریعہ ہے اور یہ کھانے کو ہضم کرنے اور جسم میں پانی کی فراہمی کو برقرار رکھنے میں بھی مدد کرتا ہے۔
ایک اور گاہک نے اے این آئی کو بتایا کہ تقریباً تمام سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور یہ توقع سے زیادہ ہے۔ جس کی وجہ سے متوسط طبقے کے لیے مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح ہم پہلے زیادہ لیموں خریدتے تھے، مہنگے ہونے کے بعد اب وہ نہیں کر سکتے۔
گھریلو سامان کی ہوم ڈیلیوری ویب سائٹ بگ باسکٹ پر لیمو 170 روپے فی کلو تو ایسی ہی ایک ویب سائٹ بلنک اٹ پر یہ 125 روپے فی کلو مل رہاہے ۔ اس سے سمجھا جاسکتا ہے کہ لیمو کتنا مہنگا ہوگیا ہے ۔
ماضی میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں 10 سے 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح کوکنگ آئل بھی مہنگا ہو گیا ہے۔
گرمیوں میں لیموں کی مانگ بڑھنے کی ایک منطق ہے لیکن جس طرح دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے اس سے عام آدمی کے لیے انہیں خریدنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے سے مال برداری پر خرچ بڑھ گیا ہے اور اس کی وجہ سے اشیائے ضروریہ بھی مہنگی ہو رہی ہیں۔
اگر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اسی طرح اضافہ ہوتا رہا تو آنے والے دنوں میں مہنگائی مزید بڑھے گی اور اس کا سیدھا مار عام آدمی پر پڑے گا۔










