نئی دہلی:مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے حلال سرٹیفکیٹ دینے کے معاملے میں یوپی ایس ٹی ایف جمعیت علمائے ہند کے صدر اورمعروف مذہبی رہنما مولانا محمود مدنی سے دوبارہ پوچھ گچھ کرے گی۔ امر اجالا آن لائن کے مطابق مولانا مدنی کو عید کے بعد دارالحکومت میں ایس ٹی ایف ہیڈکوارٹر میں طلب کیا گیا ہے۔ واضح ہوکہ ایس ٹی ایف نے فروری میں بھی مولانا مدنی سے دو دن تک پوچھ گچھ کی تھی۔ ذرائع کا دعوی ہے کہ مولانا مدنی کے ساتھ حلال سرٹیفکیٹ ٹرسٹ سے وابستہ چار دیگر عہدیداروں سے پوچھ گچھ کے بعد ایس ٹی ایف کو کئی اہم سراغ ملے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ حلال سرٹیفکیٹس کی تقسیم سے حاصل ہونے والی آمدنی کو کئی کمپنیوں کو منتقل کیا گیا۔ جن میں سے کئی شیل کمپنیاں ہونے کا شبہ ہے۔ اسی وجہ سے ایس ٹی ایف نے مولانا مدنی کودوبارہ پوچھ گچھ کے لیے بلایا ہے۔ دراصل مولانا مدنی حلال ادارےسے وابستہ ٹرسٹ کے چیئرمین بھی ہیں۔
واضع ہو اس معاملے پر ایف آئی آر لکھے جانے کے بعد مولانا مدثر، حبیب یوسف پٹیل، انور خان اور محمد طاہر کو گرفتار کر لیا گیا۔چاروں گرفتار شدگان کا تعلق حلال کونسل آف انڈیا سے ہے.









