جو روگن کے شو کے دوران اسرائیل اور فلسطینی گروپوں کے درمیان 35 دنوں سے جاری خونریز لڑائی کے متعلق ایک عجیب مذاق پر شدید تنقید کے بعد ارب پتی ایلون مسک نے دوبارہ جنگ پر بات کی ہے۔ امریکہ میں مقیم مشہور براڈکاسٹر لیکس فریڈمین کو انٹرویو دیتے ہوئے مسک نے کہا کہ مشرق وسطیٰ سے متعلق ہر چیز کے بارے میں کوئی آسان جواب نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا میری قطعی رائے میں حماس کا مقصد اسرائیل کی طرف سے پرتشدد اور مبالغہ آمیز ردعمل کو ہوا دینا تھا کیونکہ انہیں (حماس کو) فوجی فتح حاصل کرنے کی امید نہیں تھی۔ ٹیسلا کے سی ای او نے مزید کہا کہ وہ حقیقت میں بدترین ممکنہ مظالم کا ارتکاب کرنا چاہتے تھے تاکہ ایک بڑے جارحانہ اسرائیلی ردعمل کو اکسایا جا سکے اور اسرائیل کے اس ردعمل کا فائدہ اٹھا کر دنیا بھر کے مسلمانوں کو غزہ اور فلسطین کے لیے نکالا جا سکے۔ وہ حقیقت میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا آنکھ کے بدلے آنکھ اور دانت کے بدلے دانت کے اصول پر عمل کرنے سے صورتحال مزید خراب ہو جائے گی۔ مسک نے حیرت کا اظہار کیا کہ حماس کے ہر رکن کے لیے جسے اسرائیل نے مارا اس نے کتنے اور بنائے ہیں؟







