کرناٹک میں مسلم طالبات کے لیے کانگریس حکومت نے بڑی خوشخبری دی ہے۔ کرناٹک حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ مقابلہ جاتی امتحان کے دوران طالبات حجاب پہن کر امتحان دے سکیں گے۔ حجاب معاملے پر کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا اور ریاست کے وزیر تعلیم ایم سی سدھاکر نے ایک تجزیاتی میٹنگ کی تھی۔ میٹنگ میں سبھی باتوں کو دھیان میں رکھتے ہوئے فیصلہ لیا گیا کہ امتحان کے دوران طالبات کو حجاب پہننے کی اجازت دی جائے۔
حجاب معاملہ کو لے کر کرناٹک حکومت میں وزیر تعلیم ایم سی سدھاکر کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ حجاب کو لے کر تنازعہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ لوگ امتحان میں حجاب پہن کر آنے والی طالبات پر اعتراض ظاہر کرتے ہیں اور ماحول کو خراب کرنے کے ساتھ ساتھ ہی تذبذب والی حالت پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ سبھی لوگوں کی آزادی کو توجہ میں رکھ کر ہی حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ نیٹ کے امتحان میں بھی طالبات کو حجاب پہن کر بیٹھنے کی اجازت ہے۔ کوئی بھی شخص اپنی مرضی کے مطابق کپڑے پہن کر امتحان دے سکتا ہے، اس پر کسی بھی طرح کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔
واضح ہو کرناٹک میں اسمبلی انتخاب سے قبل کانگریس لیڈران نے کہا تھا کہ حکومت میں آنے پر مسلم طالبات کو حجاب پہن کر امتحان دینے کی اجازت ملے گی، اور اب کانگریس نے اپنا یہ وعدہ پورا کر دیا ہے۔








