کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ اور بنگلورو شمال سے رکن پارلیمنٹ ڈی وی سدانند گوڑا انتخابی سیاست چھوڑنے کا اعلان کرنے کے دوسرے دن آج بی جے پی اعلیٰ کمان کے مایوس کن رویہ پر خوب برسے۔ انھوں نے پارٹی کو جلد اپوزیشن کا لیڈر منتخب کرنے اور ریاستی یونٹ کو اعتماد میں لینے کا مشورہ دیا
انتخابی سیاست سے سبکدوشی کے بارے میں بولتے ہوئے سدانند گوڑا نے کہا کہ انتخابی سیاست سے کنارہ ہونے کا فیصلہ کسی دباؤ میں نہیں لیا گیا۔
واضح رہے کہ سدانند گوڑا اس سے قبل جے ڈی ایس کے ساتھ اتحاد کرنے کے پارٹی کے فیصلے پر کھلے طور پر اپنی ناراضگی ظاہر کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’میں نے 2019 میں انتخاب نہ لڑنے کے بارے میں بات کی تھی۔ پارٹی اور آر ایس ایس چاہتی تھی کہ میں لوک سبھا انتخاب لڑوں۔ میں نے ایمانداری سے کام کیا ہے اور پارٹی کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا ہے۔ میں سیاست میں کبھی بھی چاپلوس نہیں تھا۔‘‘
انھوں نے زور دے کر کہا کہ’’سدانند گوڑا کسی لیڈر کا غلام نہیں ہے۔ میں دباؤ میں فیصلہ نہیں لوں گا۔ مجھے لالچ نہیں دیا جا سکتا اور مجھے اپنی ذمہ داری کا احساس ہے۔ بنگلورو شمال لوک سبھا سیٹ پر 32 لاکھ ووٹرس ہیں۔ اگر کوئی ووٹر کہتا ہے کہ میں غلط ہوں تو میں بنگلورو شہر چھوڑ دوں گا۔‘








