لکھنؤ :(ایجنسی)
اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات ہو رہے ہیں اور کئی لیڈر متنازع بیانات بھی دے رہے ہیں۔ سماج وادی پارٹی کے لیڈر سوامی پرساد موریہ نے پی ایم مودی اور سی ایم یوگی کو لے کر ایک متنازع بیان دیا ہے۔ سوامی پرساد موریہ کے بیان پر سیاست بھی تیز ہوگئی ہے۔ بی جے پی نے ایس پی لیڈر موریہ کے بیان کی مذمت کی ہے۔ یوگی حکومت میں وزیر محسن رضا نے کہا کہ سوامی پرساد موریہ کا بیان ان کی شکست کو ظاہر کرتا ہے۔
ایس پی لیڈر سوامی پرساد موریہ نے انتخابی مہم کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، ’بی جے پی کے لوگ ریاست اور ملک کے لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔ چونکہ آج ملک میں بی جے پی کی حکومت ہے اور ریاست میں بھی بی جے پی کی سرکار ہے، اس لیے اگر دہشت گرد زندہ ہے تو مودی اور یوگی کو چلو بھر پانی میں ڈوب کر مرنا چاہیے۔‘
وہیں سوامی پرساد موریہ کے بیان پر بی جے پی رہنما اور یوگی حکومت میں وزیر محسن رضا نے ایک چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیان ان کی شکست، مایوسی ہے کیونکہ وہ ذاتی مفادات کی سیاست کرتے رہے ہیں۔ اور ذاتی مفاد کے سبب ہی انہوں نے جو کام کیاہے اس کو ریاست اورملک کےعوام نےدیکھا ہے ۔ انہوںنے دہشت گردوں کو لےکرجو تبصرہ کیاہے ، سچ تویہ ہے کہ ایسےلوگوںکوشرم سے ڈوب کر مر جانا چاہئے ۔‘
محسن رضا کا مزید کہنا تھا کہ ’’جو لوگ دہشت گردوں کی حامی جماعت کے رکن بن چکے ہیں، جنہوں نے دہشت گردوں کو چھوڑنے کی بات کی ہو ، جن کی سرکار میں دہشت گردوں پر سے مقدمےہٹائے گئےہو ، اگر اس پارٹی کے رکن بن کر سوامی پرساد موریہ جی ایسی بات کررہے ہیں تو ان کو خود احتسابی کرنا چاہئے، وہ کہاں کھڑے ہیں ،کیونکہ آپ جہاں کھڑے ہیں وہیں دہشت گردی ہیں۔ جہاں آپ کھڑے ہیں وہاں دہشت گردوں کا آہ و بھگت کیاجا تاہے۔ جو الفاظ آپ نے ہمارے خلاف استعمال کیا ہے، وہ آپ پر لاگو ہو تاہے ۔
دوسری جانب ایک چینل سے بات کرتے ہوئے سوامی پرساد موریہ نے کہا کہ ’’بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر ہوا ہوائی بات بھی کرتے ہیں اور ہوا میں دورہ بھی کرتے ہیں۔ پورے اترپردیش سے بی جے پی کا صفایا ہونے جا رہا ہے۔ تبدیلی کی آندھی میں بی جے پی کے پرخچے اڑ جائیں گے۔ سماج وادی پارٹی مکمل اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے جا رہی ہے۔ اکھلیش یادو کی قیادت میں جواتحاد بناہے وہ بی جے پی کو دوہرے اعداد وشمار میں سمیٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔
بتا دیں کہ سوامی پرساد موریہ ساڑھے چار سال تک یوگی کابینہ کا حصہ تھے۔ گزشتہ ماہ 14 جنوری کو انہوں نے سماج وادی پارٹی کی رکنیت لی تھی۔ سوامی پرساد موریہ کے ساتھ یوگی حکومت کے وزراء دارا سنگھ چوہان اور دھرم سنگھ سینی نے بھی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا تھا اور ایس پی میں شامل ہو گئے تھے۔ سوامی پرساد موریہ کی بیٹی سنگھمترا موریہ بدایوں سے بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ ہیں۔










