پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
فواد چوہدری کے بھائی فیصل چوہدری نے بی بی سی کے شہزاد ملک کو بتایا ہے کہ انھیں سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا گیا ہے تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ انھیں کس مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق فواد چوہدری کو سولہ ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
فواد چوہدری کو ایس ایچ او تھانہ آبپارہ اشفاق وڑائچ اور ڈی ایس پی خالد اعوان نے گرفتار کیا ہے۔
فواد چوہدری صبح سے سپریم کورٹ میں موجودہ تھے اور انھوں نے سپریم کورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست بھی جمع کرائی تھی۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی صورتحال میں بہت پہلے ہی تقسیم ہے اور سیاست میں معاملات تشدد سے حل نہیں ہو سکتے، بلکہ ایک دوسرے کو سپیس دینے، ایک دوسرے کی بات سمجھ کر آگے چلنے سے کم ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری نے پورے پاکستان کی قوم کو تقسیم کر دیا ہے اور پورے ملک میں آگ لگی ہوئی ہے۔ ہمیں اس آگ کو ٹھنڈا کرنے اور اس پر پانی ڈالنے کی ضرورت ہے، اس پر پٹرول ڈالنے کی ٰضرورت نہیں ہے۔







