نئی دہلی: سپریم کورٹ نے آج (2 مارچ) اڈانی-ہنڈن برگ تنازعہ کی تحقیقات کے لئے ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دینے کا حکم سنایا۔ چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا اور جے بی پاردی والا پر مشتمل بنچ نے وکلا وشال تیواری، ایم ایل شرما، کانگریس لیڈر جیا ٹھاکر اور انامیکا جیسوال کی طرف سے دائر عرضیوں کے بیچ پر یہ حکم سنایا۔
سپریم کورٹ نے سیبی (ایس ای بی آئی) کو اس بات کی جانچ کرنے کی ہدایت دی کہ آیا سیبی کے قوانین کے سیکشن 19 کی خلاف ورزی اور اسٹاک کی قیمتوں میں کوئی ہیرا پھیری ہوئی ہے؟
سپریم کورٹ نے سیبی کو 2 ماہ کے اندر تحقیقات کرنے اور اسٹیٹس رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ سپریم کورٹ نے سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لئے ریگولیٹری میکانزم سے متعلق معاملے سے نمٹنے کے لئے سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس اے ایم سپرے کی سربراہی میں 6 رکنی کمیٹی تشکیل دی ۔ان کے علاوہ او پی بھٹ، جسٹس جے پی دیودھر، کے وی کامت، نندن نیلکینی اور سوما شیکھر سندریسن اس کمیٹی میں شامل ہوں گے۔








