بنگلورو:عام انتخاب 2024 ’اِنڈیا بمقابلہ این ڈی اے‘ ہوگا۔ دوروز کیمیراتھن میٹنگ میں بہت سی باتیں طے کرلی گئی ہیں مثلا اگلی میٹنگ ممبئی میں ہوگی،گیارہ رکنی رابطہ کمیٹی بنائی جائےگی -یہ کمیٹی ہی آگے کا روڈمیپ تیار کرے گی اور کنوینر بھی طے کرلیا جائے گا۔
وہیں 26 اپوزیشن پارٹیوں نے متحد ہو کر مرکز کی مودی حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کا عزم ظاہر کیا ہے اور اپوزیشن اتحاد کو ’اِنڈیا‘ (انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس) نام دیا ہے۔ اس تعلق سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’2024 کا عام انتخاب اِنڈیا اور این ڈی اے کے درمیان ہوگا۔ کیا کوئی اِنڈیا کو چیلنج کر سکتا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہمیں مل کر انڈیا کو اور انڈیا کے لوگوں کو بچانا ہے۔ بی جے پی ملک کو بیچنے کی کوشش کر رہی ہے، ہم انڈیا کو بنائیں گے، انڈیا جیتے گا۔‘‘
پریس کانفرنس میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اپوزیشن پارٹیوں کی ہوئی میٹنگ اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم ایک کواآرڈنیشن کمیٹی بنا رہے ہیں جو قیادت کے معاملات طے کرے گا۔ ممبئی کے اجلاس میں کوآرڈنیشن کمیٹی کے ارکان کے نام طے ہو جائیں گے۔‘‘ یونیفارم سول کوڈ کے تعلق سے کھڑگے نے کہا کہ ’’یو سی سی کا مسودہ آ جائے گا تبھی اس پر کوئی بیان دیا جائے گا۔‘‘







