پٹنہ: بہار کی حکمران جماعت جنتا دل (یونائیٹڈ) کے اندر سے خبر ہے کہ قومی صدر للن سنگھ کی چھٹی ہونے والی ہے۔ تاہم حتمی فیصلہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو کرنا ہے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ نتیش کمار خود قومی صدر کا عہدہ سنبھال سکتے ہیں۔ یعنی اقتدار کے ساتھ وہ پارٹی کی کمان بھی سنبھال سکتے ہیں۔ اگر نتیش کمار پارٹی کے صدر نہیں بنتے ہیں تو ان کا ایک اور نام بھی ہے۔ یہ نام رام ناتھ ٹھاکر ہے، جو سابق وزیر اعلیٰ کرپوری ٹھاکر کے بیٹے اور راجیہ سبھا کے رکن ہیں۔ اس کی بھی ایک وجہ ہے۔ ویسے جے ڈی یو میں یہ چرچا ہے کہ نتیش کمار پارٹی سربراہ کا عہدہ سنبھالنے والے ہیں اور للن سنگھ کو قومی صدر کی کرسی سے ہٹا دیا جائے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ للن سنگھ نتیش کمار کے ‘قومی عزائم’ کو لے کر انڈیا الائنس کے لیڈروں کے ساتھ ٹھیک طرح سے تال میل نہیں کر پارہے ہیں۔ اس کے علاوہ سی ایم نتیش ان کی لالو یادو اور تیجسوی یادو سے بڑھتی قربت سے ناراض بھی بتائے جاتے ہیں۔ 29 دسمبر کو نئی دہلی میں جنتا دل (یونائیٹڈ) کی قومی ایگزیکٹو کمیٹی اور قومی کونسل کی میٹنگ ہے۔ اس میں راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ کو پارٹی کے قومی صدر کے عہدے سے ہٹایا جاسکتا ہے
تاہم، نتیش کمار نے انڈیاالائنس میں اپنے کردار (پوزیشن) کے بارے میں کبھی کچھ نہیں کہا۔ لیکن جے ڈی (یو) قائدین نے ان کے وزارت عظمیٰ کے عزائم کو یکسر مسترد نہیں کیا۔ انڈیا بلاک کی چوتھی میٹنگ میں مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے غیر متوقع طور پر کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے کو وزیر اعظم کے ممکنہ چہرے کے طور پر تجویز کیا تھا۔ اس کے بعد، کچھ لیڈروں نے مبینہ طور پر حیرت کا اظہار کیا کہ کیا وہ نتیش کے امکانات کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں؟ جے ڈی یو لیڈروں کو امید تھی کہ نتیش کمار کو کم از کم قومی کنوینر کا عہدہ مل جائے گا۔ انڈیا بلاک میں نتیش کمار کے لیے جس طرح سے حالات چل رہے ہیں اس سے پارٹی ناراض دکھائی دے رہی ہے۔ ذات کے سروے اور ریزرویشن کوٹہ پر بالادستی کے باوجود انڈیا بلاک میں ان کو توجہ نہیں دی گئی
پارٹی لیڈروں کا ماننا ہے کہ اگر 2024 کے لوک سبھا انتخابات نتیش کمار کی قیادت میں لڑے جائیں تو ہم بہتر کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔ للن سنگھ، جو نتیش کمار کے قریبی ہیں، مونگیر سے ایم پی ہیں۔ جولائی 2021 میں جب آر سی پی سنگھ کو جے ڈی یو کی قومی صدارت سے ہٹا دیا گیا تو لالن سنگھ کو ذمہ داری سونپی گئی۔ بی جے پی سے بڑھتی قربت کی وجہ سے نتیش نے آر سی پی کو ہٹا دیا تھا۔









